Brailvi Books

اِحیاء ُ الْعُلُوم مترجَم(جلد :1)
364 - 1087
ہیں :(۱) مرد ہونا(۲)متقی ہونا (۳)عالم ہونا(۴)امورِ خلافت سرانجام دینے کی اہلیت رکھنا اور(۵) قریشی ہونا(۱)۔ جیساکہ سلطان مکہ مکرمہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَـیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا: ’’اَ لْاَءِمَّۃُ مِنْ قُرَیْشٍیعنی: خلفا قریش سے ہوں گے۔‘‘ (۲) اگران صفات سے متصف لوگ ایک سے زیادہ ہوں تو پھر خلافت کا مستحق وہ ہوگا جس کی بیعت زیادہ لوگ کریں ۔
{10}…فاسق و فاجر شخص کو خلیفہ تسلیم کرنا:تقویٰ اور علم کی شرائط سے خالی شخص اگر مسند ِ خلافت پر قبضہ رکھنا چاہتا ہے اور اسے ہٹانے میں ناقابلِ برداشت فتنہ پیدا ہونے کا اندیشہ ہے، تو اسی کو خلیفہ تسلیم کرنے کا حکم دیا جائے گا۔
 	یہ ہیں چالیس اصولوں پر مشتمل چار ارکان جو عقائد کے قواعد ہیں ۔ ان کے مطابق عقیدہ رکھنے والا اہل سنت و جماعت میں شامل اور بدمذہبوں سے دُور ہے۔
دُعا:
	اللّٰہ تعالیٰ ہمیں سیدھے راستے پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے اور اپنے بلند پایہ فضل وکرم اور جودوعطا کے صدقے ہمیں راہِ حق کی سچائی ثابت کرنے اور اس پر عمل پیرا رہنے کی سعادت نصیب فرمائے۔ اللّٰہ ربُّ العزَّت کی رحمتیں ہوں ہمارے سردار حضرت محمدصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَـیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمپر اور ان کی آل اور ہر برگزیدہ بندے پر۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
1…احناف کے نزدیک امام وخلیفہ کی شرائط وتفصیل ۔امامت دو قسم ہے:(۱)… صغریٰ	(۲)…کبریٰ۔
	امامت ِصغریٰ، امامت ِنماز ہے۔ امامت ِکبریٰ نبیصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَسَلَّم کی نیابت ِ مطلقہ، کہ حضور (صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَسَلَّم)کی نیابت سے مسلمانوں کے تمام اُمورِ دینی ودنیوی میں حسبِ شرع تصرّفِ عام کا اختیار رکھے اور غیرِ معصیت میں اُس کی اطاعت، تمام جہان کے مسلمانوں پر فرض ہواِس امام کے لیے مسلمان، آزاد، عاقل، بالغ، قادر، قرشی ہونا شرط ہے۔ ہاشمی، علوی، معصوم ہونا اس کی شرط نہیں۔اِن کا شرط کرنا روافض کا مذہب ہے، جس سے اُن کا یہ مقصد ہے کہ برحق اُمرائے مؤمنین خلفائے ثلٰثہ ابوبکر صدیق و عمرِ فاروق وعثمان غنی رَضِی اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْھُم کو خلافت سے جدا کریں ، حالانکہ ان کی خلافتوں پر تمام صحابۂ کرام رَضِی اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْھُمکا اِجماع ہے۔مولیٰ علی کَرَّمَ اللّٰہُ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم و حضرا ت حسنَین رَضِی اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْھُمَا نے اُن کی خلافتیں تسلیم کیں اور عَلویت کی شرط نے تو مولیٰ علی کو بھی خلیفہ ہونے سے خارج کر دیا، مولیٰ علی، علوی کیسے ہو سکتے ہیں !رہی عصمت، یہ انبیا و ملائکہ کا خاصہ ہے، جس کو ہم پہلے بیان کر آئے، امام کا معصوم ہونا روافض کا مذہب ہے۔   (بہارشریعت ،ج۱،ص۲۳۷)
2…السنن الکبری للنسائی، کتاب القضاء، الأئمۃ من قریش، الحدیث:۵۹۴۲، ج۳، ص۴۶۷۔