علم کلام سیکھنا کیسا؟
سوال:کیا فن مناظرہ اور علمِ کلام کاسیکھنا بھی علمِ نجوم کی طرح مذموم یا مباح یا مستحب ہے ؟
جواب: علم کلام وفن مناظرہ سیکھنے یا نہ سیکھنے کے حوالے سے دو موقف ہیں اور دونوں سخت ہیں :
{1}…منع کرنے والے اس پر بدعت وحرام کا حکم لگاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ شرک کے علاوہ ہر گناہ سے آلودہ ہو کر بارگاہِ خداوندی میں حاضر ہونے والا شخص علمِ کلام سیکھنے والے سے بہتر ہے۔
{2}…جواز کا حکم دینے والے اسے واجب، فرضِ عین یا فرضِ کفایہ مانتے ہیں ۔ ان کے نزدیک یہ افضل عمل اور زیادہ ثواب کا باعث ہے کیونکہ اس علم سے علمِ توحید کا اثبات اور دین اسلام کا دفاع کیا جاتا ہے۔
منع وحرمت کے قائلین میں حضرت سیِّدُنا امام شافعی، حضرت سیِّدُنا امام مالک، حضرت سیِّدُنا امام احمد بن حنبل، حضرت سیِّدُنا سفیان ثوری اور متقدمین محدثین کرام رَحِمَہُمُ اللّٰہُ السَّلَام شامل ہیں ۔
علم کلام اورمتکلمین کے بارے میں علما کی آرا
سیِّدُنا امام شافعی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہ الْکَافِی کانظریہ:
٭…حضرت سیِّدُنا امام محمد بن ادریس شافعی عَلَـیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْکَافِی کے شاگرد حضرت سیِّدُنایونس بن عبد الاعلیٰعَلَـیْہِ رَحْمَۃُ رَبِّ الْعُلٰیکا بیان ہے کہ جس دن علم کلام جاننے والے معتزلی حفص فرد نامی شخص سے حضرت سیِّدُنا امام شافعی عَلَـیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْکَافِی کامناظرہ ہوا تو میں نے آپ رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَـیْہ کو فرماتے سناکہ سوائے شرک کے ہر گناہ کرکے دربارِ الٰہی میں حاضرہونے والا اُس سے بہترہے جو علمِ کلام میں سے کچھ سیکھ کر بارگاہِ خداوندی میں پیش ہو۔ میں نے حفص سے ایک ایسی بات بھی سنی ہے جسے بیان کرنا مجھے گراں محسوس ہوتا ہے۔ (۱)
٭…مجھے متکلمین کی ایسی ایسی باتوں کا پتا چلا ہے جن کے بارے میں ، میں کبھی سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔ علمِ کلام کی طرف مائل ہونے والا شرک کے علاوہ ہر گناہ میں مبتلا ہونے والے سے برا ہے۔ (۲)
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
1…جامع بیان العلم وفضلہ، باب ماتکرہ فیہ المناظرۃ…الخ، الحدیث:۹۸۷، ص۳۶۶۔
2…المرجع السابق۔