ہمیں ان کے بارے میں خبر دیجئے!‘‘ ارشاد فرمایا: ’’علما، جب فساد برپا کریں ۔‘‘ (۱)
اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ کے پیارے حبیب، حبیب لبیبصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَـیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا: ’’بروزِ قیامت لوگوں میں سے سب سے زیادہ امن میں وہ لوگ ہوں گے جو دنیا میں سب سے زیادہ فکر میں رہے ہوں گے، آخرت میں لوگوں میں سے سب سے زیادہ وہ لوگ ہنسیں گے جو دنیا میں سب سے زیادہ روئے ہوں گے اور آخرت میں لوگوں میں سے سب سے زیادہ خوش وہ لوگ ہوں گے جو دنیا میں بہت زیادہ غمگین رہے ہوں گے۔‘‘
سب سے بڑا جاہل:
امیرالمؤمنین حضرت سیِّدُنا علی المرتضیٰکَرَّمَ اللّٰہُ تَعَالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم نے اپنے ایک خطبے میں ارشاد فرمایا: ’’میرا ذمہ رہن ہے اور میں اس کا ضامن ہوں کہ تقویٰ پر کسی قوم کی کھیتی نہیں سوکھے گی (یعنی جو رضائے الٰہی کے لئے عمل کرے گااس کا عمل باطل نہیں ہوگا) اور ہدایت پر ہوتے ہوئے اس کی جڑ کو پیاس نہیں لگے گی۔ لوگوں میں سے سب سے بڑا جاہل وہ شخص ہے جو اپنی قدر نہیں پہچانتا اور اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ کی بارگاہ میں مخلوق میں سے سب سے زیادہ ناپسند وہ ہے جو علم جمع کرتا اور اس کے ذریعے فتنے کے اندھیروں میں غوطے کھاتا ہے، اس جیسے اور ذلیل ترین لوگ اسے عالم کہتے ہیں حالانکہ وہ پورا ایک دن بھی علم میں نہیں گزارتا، صبح سویرے اس چیز کی کثرت کرتا ہے جس کا تھوڑا اس کے زیادہ سے بہتر ہے حتی کہ جب وہ بدبودار پانی سے سیراب ہوتا اور بیکار کاموں میں زیادتی کرتا ہے تو لوگوں کا اُستاذ بن بیٹھتا ہے تاکہ ان کاموں سے خلاصی دلائے جو دوسروں پر مشتبہ ہوگئے ہیں اور مبہمات میں سے کوئی چیز اس کے سامنے پیش ہو تو اس کے لئے اپنی رائے سے غلط قیاس قائم کرلیتا ہے۔ وہ شخص شبہات کو ختم کرنے میں مکڑی کے جالے کی مثل ہے۔ وہ نہیں جانتا کہ وہ راہ ِراست پر ہے یا غلطی پر۔ بہت سی جہالتوں کا پلندہ اور بغیر سوجھ بوجھ کے بے ڈھنگی باتیں کرنے والا ہے۔ جس بات کا علم نہیں اس کے بتانے سے عذر نہیں کرتا کہ بچ جائے اور نہ ہی علم پر مضبوطی حاصل کرتا ہے کہ غنیمت پائے۔ اس کی وجہ سے خون بہتے ہیں ۔ اس کے فیصلوں سے زنا حلال ہوتے ہیں ۔ جو سوال اس سے کیا جائے اس کا جواب نہیں دے سکتا اور جو اس کے حوالے کیا جائے اس کی اہلیت نہیں رکھتا۔ یہی وہ لوگ ہیں جو سزاؤں کے حقدار ہیں ۔ ان پر عمر بھر رونا اور نوحہ کرنا چاہئے۔‘‘ (۲)
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
1…قوت القلوب، ص۲۴۶۔
2… المرجع السابق، ص۲۴۶، بتغیرٍقلیلٍ۔