Brailvi Books

اِحیاء ُ الْعُلُوم مترجَم(جلد :1)
167 - 1087
فَلَا تُزَکُّوۡۤا اَنۡفُسَکُمْ ؕ ہُوَ اَعْلَمُ بِمَنِ اتَّقٰی ٪﴿۳۲﴾ (پ۲۷،النجم:۳۲)
ترجمۂ کنزالایمان: تو آپ اپنی جانوں کو ستھرا نہ بتاؤ وہ خوب جانتا ہے جو پرہیزگار ہیں ۔
	کسی دانا سے پوچھا گیا:’’ برا سچ کیا ہے؟‘‘ جواب دیا:’’ آدمی کا اپنے منہ میاں مٹھو بننا۔‘‘
	مناظر قوَّت وغلبہ اور ہم عصروں پر فوقیت کے ساتھ اپنی تعریف کرنے سے نہیں رہ سکتا اور مناظرے کے دوران یہ بھی ضرور کہتا ہے کہ میں ان لوگوں میں سے نہیں جن پر اس جیسی باتیں پوشیدہ ہوتی ہیں ۔ میں مختلف علوم کا ماہر، اصول و احادیث یاد کرنے میں منفرد ہوں ۔ اس کے علاوہ وہ باتیں جن سے اپنی تعریف کی جاتی ہے کبھی تو شیخی مارنے کے طور پر کہتا ہے اور کبھی ضرورت کی وجہ سے تاکہ اس کا کلام مشہور ہو۔ یہ بات معلوم ہے کہ شیخی مارنا اور خودپسندی کا شکار ہونا دونوں شرعی طور پر بھی برے ہیں اور عقلی طور پر بھی۔
{6}…تجسس اور لوگوں کے چھپے عیوب تلاش کرنا: اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ کا فرمانِ عظیم ہے:
وَ لَا تَجَسَّسُوۡا (پ۲۶،الحجرٰت:۱۲)		ترجمۂ کنز الایمان: اور عیب نہ ڈھونڈھو۔
	مناظر اپنے ہم عصروں کی خطائیں اور مخالف کے عیوب تلاش کرنے سے باز نہیں رہ سکتا یہاں تک کہ اگر اسے خبر ملے کہ اس کے شہر میں کوئی مناظر آرہا ہے تو وہ ایسے شخص کو تلاش کرتا ہے جو اس کے پوشیدہ حالات اسے بتائے ۔ سوال کرکرکے اس کی برائیاں نکالتااور ضرورت کے وقت اسے ذلیل ورسوا اور شرمندہ کرنے کے لئے ذخیرہ کرتا ہے۔ اس کے بچپن کے حالات اور بدن کے عیوب تک پوچھتا ہے کہ شاید اس کی کوئی لغزش یا اس کا کوئی عیب مثلاً گنجا ہونا وغیرہ معلوم ہوجائے۔ پھر جب اس کا معمولی غلبہ محسوس کرے تو اگر وہ سنجیدہ ہو تو کنایۃً اس کا عیب بیان کرتا ہے اور اس بات کو اچھا سمجھا جاتا اور نکتہ وباریک بینی شمار کیا جاتا ہے اور اگر وہ بے حیائی اور مذاق مسخری سے خوش ہوتا ہو تو اس کی برائی کھل کر بیان کرتا ہے۔ جیسا کہ معتبر مناظرین کے بارے میں منقول ہے جو بڑے پائے کے مناظر شمار کئے جاتے ہیں ۔
{7}…لوگوں کی برائیوں پر خوش ہونا اورخوشی پر رنجیدہ ہونا: جو اپنے بھائی  کے لئے وہ چیز پسند نہیں کرتا جو اپنے لئے پسند کرتا ہے تو وہ مسلمانوں کے اخلاق سے دُور ہے۔ پس ہر وہ شخص جو اپنی فضیلت ظاہر کرکے فخر کرنا چاہتا ہے اسے وہ بات ضرور خوش کرتی ہے جو اس کے ہم عصروں اور فضیلت میں اس کے ہم پلہ لوگوں کو تکلیف پہنچاتی ہے۔