Brailvi Books

اِحیاء ُ الْعُلُوم مترجَم(جلد :1)
133 - 1087
	(۲)لوگوں سے ناراض ہونا اور ان کی طرف متوجہ ہونا بھی اس توحید سے خارج ہے کیونکہ جو تمام امور کومِنْ جِانِبِاللّٰہجانے گا وہ کسی سے ناراض کیوں ہو گا۔ حقیقی توحید اسی مقام کا نام ہے اور یہ صدیقین کا مقام ہے۔
	پس تم غور کرو کہ اسے کس معنی کی طرف بدل دیا گیااور اس کے کس پوست پر قناعت کر لی گئی۔ کس طرح لوگوں نے اپنی تعریف اورفخر میں اس نام سے استدلال کیا جو محمود ہے لیکن اس معنی سے خالی ہے جس کی وجْہ سے حقیقی تعریف کا استحقاق ہے۔ یہ اس افلاس (غربت ) کی طرح ہے کہ کوئی صبح سویرے اُٹھے اور قبلہ کی طرف متوجہ ہوکر کہے:
اِنِّیۡ وَجَّہۡتُ وَجْہِیَ لِلَّذِیۡ فَطَرَ السَّمٰوٰتِ وَالۡاَرْضَ حَنِیۡفًا (پ۷، الانعام:۷۹)
ترجمۂ کنزالایمان: میں نے اپنا منہ اس کی طرف کیا جس نے آسمان اور زمین بنائے ایک اسی کا ہوکر۔ (۱)
	اب اگر اس کا دل خاص اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ کی طرف متوجہ نہیں تو وہ ہر دن کا آغاز اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ سے جھوٹ بول کر کرتا ہے۔ کیونکہ اگر منہ سے اس کی مراد ظاہری چہرہ ہے تو وہ توکعبہ شریف کی طرف ہے کہ اسے اس نے باقی تمام جہتوں سے پھیر دیا لیکن کعبہ اس کی جہت نہیں جس نے آسمان وزمین بنائے کہ اس کی سمت توجہ کرنے سے وہ اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ کی طرف متوجہ ہونے والا کہلائے، وہ تو اس سے پاک اور بلند ہے کہ سمتوں اور کناروں سے اس کا تعین کیا جائے اور اگر اس کی مراد قلبی توجہ ہے جو عبادت میں اصل مطلوب ہے تو پھر اس حالت میں اس کے قول کی تصدیق کیسے کی جا سکتی ہے جبکہ اس کا دل دنیوی اغراض وحاجات میں لگا ہو اور مال وجاہ اور کثرتِ اسباب کو جمع کرنے کے حیلوں کی تلاش میں مصروف ہو اور مکمل طور پر انہی کی طرف متوجہ ہو تو پھر کب اس نے اپنی توجہ اس کی طرف کی جس نے آسمان وزمین بنائے۔ یہ آیت توحید کی حقیقت کا بیان ہے۔
توحید کا مرکز و سرچشمہ:
	 پس موحد وہ ہے جس کی نظر صرف ایک خدائیے بزرگ وبرتر کی طرف ہو اور وہ اپنی توجہ اسی کی جانب لگائے رکھے اور یہ اس ارشادِ باری تعالیٰ کی تعمیل ہے:
قُلِ اللہُ ۙ ثُمَّ ذَرْہُمْ فِیۡ خَوْضِہِمْ یَلْعَبُوۡنَ ﴿۹۱﴾ (پ۷، الانعام:۹۱)
ترجمۂ کنزالایمان: اللّٰہ کہوپھر انہیں چھوڑدو ان کی بیہودگی  میں کھیلتا۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ 
1…صحیح مسلم، کتاب صلاۃ المسافرین، باب الدعاء فی صلاۃ اللیل وقیامہ، الحدیث:۷۷۱، ص۳۹۰۔