Brailvi Books

فیضانِ ریاض الصالحین(جلد :2)
8 - 662
(1)	امام نووی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِی بعض اَوقات اَحادیث کو بیان کرنے کے بعد حدیث کے ماخذ کی طرف اِشارہ کردیتے ہیں ۔ وہ اِشارہ عموماًتمام اَلفاظوں کے ساتھ بعینہٖ حدیث پاک کی طرف نہیں ہوتا بلکہ مطلق اِشارہ ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نے تمام اَحادیث کی فقط اُس کتاب سے تخریج کی ہے جس میں حدیث کے بعینہٖ پورے الفاظ،  یا بعض الفاظ یا مکمل یااکثرمفہوم موجود ہے۔ مثلاً: امام نووی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِی نے ایک حدیث پاک بیان کرنے کے بعد فرمایا کہ اسے امام بخاری وامام مسلم رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہمَا دونوں نے بیان فرمایا ہے۔جب اس حدیث کی تخریج کی گئی تو بعینہٖ ان الفاظوں کے ساتھ وہ حدیث فقط مسلم میں تھی،  تو ہم نے اس حدیث کی تخریج بخاری کی بجائے فقط مسلم سے ہی کی ہے۔
(2)	امام نووی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِی بسا اوقات ایک حدیث بیان کرنے کے بعد اس سے متعلقہ دیگر روایات کو مختلف الفاظوں کے تغیر کے ساتھ بیان کرتے ہیں ،  ہم نے اصل حدیث کے ساتھ ساتھ ان تمام روایات کی بھی حتی المقدور تخریج کردی ہے۔
(3)	ایسی کسی کتاب کا حوالہ نہیں دیا گیا جو ہمارے پاس کسی بھی اعتبار سے موجود نہ ہو۔
(4)	اِس كتاب میں جن مطبوعات سے مواد لیا گیا ہے،  ان کی تفصیل ماخذومراجع میں دے دی گئی ہے۔
(5)	حسب موقع اِمامِ اَہْلسُنّت، عظیمُ البَرَکَت، عظیمُ المَرْتَبت، پروانۂِ شَمْعِ رِسالت، مُجَدِّدِ دین  ومِلَّت مولانا شاہ امام اَحْمَدرَضاخَان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ  الرَّحْمٰن،  خلفائے اعلیٰ حضرت،  شیخ طریقت،  امیرِ اہلسنت،  بانی دعوت اسلامی حضرت علامہ مولانا ابو بلال محمد الیاس عطار قادری رضوی دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ ودیگر علمائے اہلسنت دَ امَتْ فُیُوضُہُمْ کے اَشعار بھی بیان کیے گئے ہیں ۔ 
(6)	فارمیشن،  رُموز ِاَوقاف اور مشکل اَلفاظ پر اِعراب کا اِلْتِزَام بھی کیا گیا ہے، نیزبعض مقامات پر مفید حواشی بھی دیے گئے ہیں ۔
(7)	عنوانات وموضوعات(Headings)کی کتاب کے شروع میں اِجمالی فہرست اور کتاب کے آخر میں تفصیلی فہرست بھی دی گئی ہے،  تاکہ ایک ساتھ کتاب کے تمام مضامین کا مطالعہ کیا جاسکے اور مطالعہ کرنے والے آسانی سے اپنے مطلوبہ مواد  تک پہنچ سکیں ۔