زبانی دلی اور عملی تبلیغ:
مرآۃ المناجیح میں ہے : ’’ اچھی باتوں کا حکم ا ور بُری باتوں سے ممانعت زبانی بھی ہوتی ہے ، دلی بھی اور عملی بھی ۔ عالم کا دینی وعظ زبانی تبلیغ ہے۔ دینی کتاب لکھ جانا قلمی تبلیغ کہ جب تک اس کتاب کا فیض جاری ہے اس کا ثواب باقی اور لوگوں کے سامنے اچھے اَعمال کرنا ، بُرے اَعمال سے بچنا، عملی تبلیغ کہ جتنےلوگ اُسے دیکھ کر نیک بنیں گے اُن سب کا ثواب اسے ملے گا بلکہ روزانہ ملتا رہے گا اور اُس کے جوڑوں کا شکریہ اَدا ہوتا رہے گا۔ ‘‘ (1)
مدنی گلدستہ
’’ صدقہ ‘‘ کے4حروف کی نسبت سے حدیثِ مذکور اور اس کی وضاحت سے ملنے والے4مدنی پھول
(1) صدقہ صرف مال ودولت ہی سےادانہیں کیاجاتا بلکہ دیگراعمالِ صالحہ بھی صدقہ ہیں ۔ جیسےذکر و اذکار، مسلمانوں سے خیر خواہی، مسجد کی صفائی اوراچھی باتوں کا حکم دینا اوربُری بات سے منع کرنا۔
(2) صدقے کےلیے بہت سارا مال واسباب ضروری نہیں بلکہ اخلاص سےدیاہوا ایک لقمہ بھی اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی بارگاہ میں مقبول ہے۔
(3) چاشت کی دورکعتیں جسم کے تمام جوڑوں کی طرف سے صدقہ بن جاتی ہیں ۔
(4) صدقے کی جزاءآخرت کے ساتھ ساتھ دنیامیں بھی دے دی جاتی ہے۔
اللہ عَزَّ وَجَلَّ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں کثرت کے ساتھ صدقہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
آمِیْنْ بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْنْ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
________________________________
1 - مرآۃ المناجیح ،۳ / ۹۸۔