Brailvi Books

فیضانِ ریاض الصالحین(جلد :2)
164 - 662
پانچ کو پانچ سے پہلے غنیمت جانو:
حضرت سَیِّدُنَا عبداللہ بن عباس رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُمَاسے روایت ہے کہ حضور نبی کریم رؤف رحیم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے ارشاد فرمایا:  ’’ پانچ چیزوں کو پانچ چیزوں سے پہلے غنیمت جانو:  (1)  جوانی کو بڑھاپے سے پہلے۔ (2)  صحت کو بیماری سے پہلے۔ (3)  مالداری کو تنگدستی سے پہلے۔  (4)  زندگی کو موت سے پہلےاور     (5)  فراغت کو مصروفیت سے پہلے۔ ‘‘  (1) 
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! یقیناً زندگی بے حد مختصر ہے،  جو وقت مل گیا سو مل گیا،  آئندہ وقت ملنے کی اُمید دھوکا ہے،  کیا معلوم ہم آئندہ لمحے موت کی آغوش میں جاچکے ہوں ،  واقعی کتنے خوش قسمت ہیں وہ لوگ جو دنیا میں رہتے ہوئے آخرت کی تیاری کا مدنی ذہن رکھتے ہیں ،  اِس کے لیے بھرپور کوششیں کرتے ہیں ،  اپنے قیمتی اوقات کو فضولیات،  کھیل کود اور دیگر لہوولعب کے کاموں میں صرف کرنے کی بجائے اللہ عَزَّوَجَلَّاور اس کے رسول صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکی اطاعت وفرمانبرداری والے کاموں میں لگا کر اَنمول بناتے ہیں ،  بیماری سے قبل صحت وتندرستی کی نعمت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے خوب عبادات کرتے ہیں اور کتنے بدقسمت ہیں وہ لوگ جو دنیا میں رہتے ہوئے آخرت کی تیاری کا مدنی ذہن نہیں رکھتے،  اپنے قیمتی اوقات کو فضولیات میں صَرف کردیتے ہیں ،  صحت وتندرستی جیسی عظیم نعمت کو اللہ عَزَّ  وَجَلَّاور اس کے رسول صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکی رِضا والے کاموں میں صَرف کرنے کے بجائے گناہوں میں ضائع کردیتے ہیں ۔ یاد رکھیے! جب تک بندہ جوان رہتاہے،  اس کی ہڈیاں اور جسم بھی مضبوط رہتاہے،  جیسے جیسے وہ بڑھاپے کی جانب بڑھتا ہے کمزوری آنا شروع ہوجاتی ہے،  پھر اس میں وہ طاقت نہیں رہتی جو جوانی میں تھی،  اس لیے اپنی جوانی کو غنیمت جانیے اور خوب خوب ربّ عَزَّ  وَجَلَّکی عبادات کیجیے۔ شہزادہ اعلیٰ حضرت،  حضور مفتی اعظم ہند،  حضرت علامہ مولانا محمد مصطفےٰ رضا خان نوری عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِیجوانی میں عبادات وریاضت سے متعلق کیا خوب ارشاد فرماتے ہیں :



________________________________
1 -   مستدرک حاکم، کتاب الرقاق،۵ ‏ / ۴۳۵، حدیث:  ۷۹۱۶۔