Brailvi Books

فیضانِ زکاۃ
64 - 149
اِمام مسجد کو زکوٰۃ دینا
    اگر مسجد کے امام صاحب شرعاً فقیر نہ ہوں یا سیدصاحب ہوں تو انہیں زکوٰۃ نہیں دی جاسکتی اور اگر وہ شرعی فقیر ہوں اور سیدصاحب نہ ہوں تو دی جاسکتی ہے بلکہ اگر وہ عالم بھی ہوں تو انہی کو دینا افضل ہے ۔مگر عالم کو دیتے وقت اس بات کا لحاظ رکھا جائے کہ ان کا احترام پیش ِ نظر ہو اور دینے والا ادب کے ساتھ دے جیسے چھوٹے، بڑوں کو، کوئی چیز نذر کرتے ہیں اور معاذ اللہ عَزَّوَجَلَّ اگر عالمِ دین کو زکوٰۃ دیتے وقت دل میں حقارت آئی تو باعث ِ ہلاکت ہے ۔
 (ماخوذازبہارِ شریعت،ج۱،حصہ ۵، ص۹۲۴)
فتاویٰ عالمگیری میں ہے: ''فقیر عالم پر صدقہ کرنا جاہل فقیر پر صدقہ کرنے سے افضل ہے۔''
 (الفتاوی الھندیۃ، کتاب الزکوٰۃ، الباب السابع فی المصارف، ج۱،ص۱۸۷)
زکوٰۃ کی رقم سے امام مسجد کو تنخواہ دينا
     زکوٰۃ کی رقم سے امام مسجد کو تنخواہ نہیں دے سکتے کیونکہ تنخواہ معاوضہ عمل ہے اور زکوٰۃ خالصاً اللہ تعالیٰ کے لئے ہے ۔ اگر دیگر اسباب میسر نہ ہوں تو حیلہ شرعی کے بعد دے سکتے ہیں۔
 (ماخوذ از فتاویٰ امجدیہ، ج۱،ص۳۷۶)
ماں ہاشمی ہواور باپ غیر ہاشمی تو؟
    کسی کی والدہ ہاشمی بلکہ سیدانی ہو اور باپ ہاشمی نہ ہو تو وہ ہاشمی نہیں کہ شرع میں نسب باپ سے ہے، لہٰذا ایسے شخص کو زکوٰۃ دے سکتے ہیں اگر کوئی دوسرا مانع نہ ہو۔
 (بہارِ شریعت ،ج۱،حصّہ ۵،مسئلہ ۴۱،ص۹۳۱)
Flag Counter