اوپر بھی جلوہ بارہو، عشق فاروقِ اعظم کی حیرت انگیز تاثیر ہمارے قافلۂ حیات کو بھی علم و ہنر، جہد و عمل اور فلاح و ظفر سے آشنا کر دے ۔ آئیے امیر المؤمنین حضرت سیِّدُنا عمر فاروقِ اعظم رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہکے عشقِ رسول سے بھرے ہوئے دولت خانے کے روشن دروازوں کو کھولتے ہیں ، جس دروازے کوبھی کھولا جائے اس سے ایک ایسی نایاب خوشبو آتی ہے جو مشام جاں کو معطر ومنور کردیتی ہے۔اے کاش! رب عَزَّ وَجَلَّ کی بارگاہ سے ہمیں بھی عشقِ فاروقِ اعظم کا ایک قطرہ نصیب ہوجائے۔ آمِیْنْ بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْنْ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم
واضح رہے کہ محبت کا یہ تقاضا ہے کہ جس سے محبت کی جائے پھر فقط اس کی ذات ہی تک محبت کو محدود نہ رکھا جائے بلکہ اس کی آل اولاد، اس کے گھروالوں ، اس کے دوستوں ، عزیزواقرباء الغرض جو چیز اس سے منسوب ہوجائے اس سے بھی محبت کی جائے۔نیز محبت میں اگر اس کا دوسرا رخ بھی شامل ہو جائے تو یہ دو طرفہ محبت مزید طاقتور ہوجاتی ہے۔
امیر المؤمنین حضرت سیِّدُنا عمر فاروقِ اعظم رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ محبت کے اسی درجہ پر فائز تھے کہ آپ اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے محبوب، دانائے غُیوب صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی نہ صرف ذات مبارکہ بلکہ آپ سے منسوب ہر چیزسے محبت کرتے تھے۔نیز آپ کی محبت میں دوسرا رخ بھی شامل تھا کہ جہاں آپ کو دو عالم کے مالِک و مختار، مکی مَدَنی سرکار صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم سے عشق حقیقی تھا وہیں آپ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہسے بھی اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے محبوب، دانائے غُیوب صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم بے حد پیار ومحبت فرمایا کرتے تھے، اسی طرح جہاں آپ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہرسول اللہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی آل، اولاد، ازواج، عزیزواقرباء ودیگر لوگوں سے محبت فرماتے تھے تو وہ بھی آپ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہسے والہانہ محبت کرتے تھے۔آپ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ کے ’’عشق رسول‘‘ کے باب کو چند حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے،پھر ہر حصے میں متعلقہ محبت کے دوسرے رخ کو بھی بطریق احسن بیان کیا گیاہے۔ تفصیل کچھ یوں ہے:
(1)… رسول اللہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی ذات مبارکہ سے محبت۔
(2)… رسول اللہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے اہل بیت سے محبت۔
(3)… رسول اللہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کی ازواج مطہرات سے محبت۔
(4)… رسول اللہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے اصحاب سے محبت۔