ملفوظاتِ فاروقِ اعظم
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! امیر المؤمنین حضرت سیِّدُنا عمر فاروقِ اعظم رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ چشمۂ ہدایت تھے، آپ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ کبھی فضول گفتگو نہ فرمایا کرتے،آپ کی زبان مبارکہ سے جو کلمات صادر ہوتے وہ اُمت مسلمہ کے لیے مشعل راہ ہوتے، آپ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہنے مختلف مواقع پر مختلف ملفوظات بطور اقوال، خطبات، وصایا اور دعاؤں کی صورت میں اِرشاد فرمائے جو اصلاح احوال، اصلاح اعمال، خوف خدا، عجزوانکساری ودیگر فکر آخرت سے بھرپور مواد پر مشتمل ہیں ۔ آپ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ کے تمام ملفوظات کا احاطہ کرنا بہت مشکل بلکہ تقریباً ناممکن ہے، اس باب میں ’’فرامینِ فاروقِ اعظم‘‘، ’’خطباتِ فاروقِ اعظم‘‘، ’’وصایائے فاروقِ اعظم‘‘، ’’فاروقِ اعظم کی دعائیں ‘‘شامل ہیں ۔
فرامینِ فاروقِ اعظم
سیِّدُنا فاروقِ اعظم رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ کے بعض فرامین تو آپ کے اَوصاف کے ضمن میں مختلف موضوعات کے تحت گزرچکے ہیں ،حصولِ علم اور ترغیب وتحریص کے لیے مزید چند فرامین پیشِ خدمت ہیں :
شیطان کی اولاد اور اُس کےکرتوت:
امیر المؤمنین حضرت سیِّدُنا عمر فاروقِ اعظم رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ ارشاد فرماتے ہیں :’’اِنَّ ذُرِّیَّۃَ الشَّیْطَانِ تِسْعَۃٌ زَلِیْتُوْنٌ وَوَثِیْنٌ وَلَقُوْسٌ وَاَعْوَانٌ وَھَفَّافٌ وَمُرَّۃٌ وَالْمُسَوِّطُ وَدَاسِمٌ وَوَلَھَانٌ یعنی شیطان کی یہ نو اولادیں ہیں : ‘‘پھر ارشاد فرمایا:٭’’زَلِیْتُوْن بازاروں کے شیطان ہیں اور یہ بازاروں میں اپنے جھنڈے گاڑ کر خرید وفروخت کرنے والوں کو گمراہ کرتے ہیں ۔‘‘٭’’وَثِیْن مصیبتیں کھڑی کرنے والے شیطان ہیں ۔‘‘٭’’اَعْوَان بادشاہوں وحکمرانوں کے شیطان ہیں جوانہیں گمراہ کرنے پر مامور ہیں ۔‘‘٭’’ھَفَّاف شراب پلانے والے شیطان ہیں ۔‘‘٭’’مُرَّہ ڈھول ڈھمکے وگانے بجانے والے شیطان ہیں ۔‘‘٭’’لَقُوْس مجوسیوں کے شیطان ہیں ۔‘‘٭’’مُسَوِّط خبروں والے شیطان ہیں جو لوگوں کے درمیان ایسی الٹی سیدھی خبریں پھیلاتے ہیں جن کی کوئی حقیقت نہیں ہوتی۔‘‘٭’’دَاسِم وہ شیطان ہیں جو گھروں کے شیطان ہیں ، جب کوئی شخص اپنے گھر میں داخل ہوتاہے اور سلام نہیں کرتا اور نہ ہی اللہ کا نام لیتاہے تو یہ شیطان اس کے گھر میں داخل ہو کر فتنہ وفساد پھیلاتے ہیں یہاں تک کہ اس