علمائے کرام و مفتیان عظام کی طرف سے کثیر مکتوب (خطوط)موصول ہوئے جن میں اس کتاب کے مواد، ترتیب، تخریج، وطباعت وغیرہ مختلف اُمور کو سراہا گیا۔ نیز کئی لوگوں کی طرف سے سلسلہ ’’فیضانِ عشرہ مبشرہ‘‘ کی آئندہ آنے والی کتاب ’’فیضانِ فاروقِ اعظم‘‘ کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ واضح رہے کہ کسی شے کے مطالبے کے بعد اُس کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ’’فیضانِ فاروقِ اعظم‘‘ پر فی الفور کام شروع کردیا گیا۔
اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عَزَّ وَجَلَّ ’’المدینۃ العلمیۃ‘‘ عالمی معیار کی ایک علمی وتحقیقی مجلس ہے، اس کی مختلف کتب دنیا بھر میں عام ہورہی ہیں ، اس کے کام کرنے کاعلمی وتحقیقی انداز علمائے اہلسنت کی کتب کو چار چاند لگا دیتا ہے، یہی وجہ ہے کہ عوام وخواص بے شمار لوگ اِس کی مطبوعہ کتب پر اعتماد کرتے ہیں ۔مؤلفین ومصنفین اِس بات سے بخوبی آگاہ ہیں کہ کسی بھی ایسے موضوع پر کتاب لکھنا یا مرتب کرنا جس پر پہلے ہی سے کئی کتب لکھی جاچکی ہوں ایک مشکل کام ہے۔ لیکن پہلے سے لکھی گئی کتابوں کی خوبیوں اور دیگر تمام اُمور کو سامنے رکھتے ہوئے جدید دور کے تقاضوں کے مطابق اُسی موضوع پر ایک نئی کتاب ، علمی وتحقیقی طرز پر مرتب کی جائے تو اُس کی افادیت بڑھ جاتی ہے۔ امیر المؤمنین حضرت سیِّدُنا عمر فاروق اعظم رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہکی سیرت طیبہ بنام’’فیضانِ فاروقِ اعظم‘‘ پر اِسی انداز میں کام کرنے کی سعی کی گئی اور کم وبیش بارہ ماہ