Brailvi Books

بھیانک اُونٹ
15 - 33
   آسانیوں کے باوُجُود سُستی 
         اے عشقِ رسول کادم بھرنے والے!مدینہ مدینہ کرنے والے عاشِقانِ رسول! کیا اسی کا نام عشقِ رسول ہے کہسیِّدُ المُبَلِّغِین،رَحمۃٌ  لِّلْعٰلمین صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ تو کانٹوں پر چل کر بھی تبلیغِ دین کریں اور ہم ٹھنڈی ہوا پھینکنے والے پنکھوں کے سائے میں بلکہ A.C. کی ٹھنڈک میں قالینوں پر بیٹھ کر بھی نیکی کی دعوت نہ دے پائیں ! اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے پیارے حبیب صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ فاقوں کے سَبَب اپنے مبارَک پیٹ پر پتّھر باندھ کر بھی اسلام کی تبلیغ فرمائیں اور ہم ڈٹ کر اور وہ بھی عمدہ سے عمدہ نعمتیں کھانے کے باوُجُود بھی دین کیلئے کچھ نہ کرپائیں !کیا مَحَبَّتِرسول اِسی کا نام ہے کہ محبوبِ ربِّ اکبر، مکّے مدینے کے تاجور،صبرو رضا کے پیکر صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ اپنے بدنِ اطہر پر  پتّھر کھا کر بھی اسلام کی تبلیغ کا فریضہ بجالائیں اور ہم پر لوگ پھول نچھاور کریں پھر بھی ہم اس عظیم مَدَنی کام سے جی چُرائیں ۔
ہائے! مسلمانوں کا بگڑا ہوا کردار!
	اے پیارے مصطَفٰے صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی دیوانگی میں جھومنے والے عاشقانِ رسول! مُسلمانوں کی خَستہ حالی آپ کے سامنے ہے ،کیا بے عَملی کے سَیلاب اور مسجدوں کی ویرانی دیکھ کر آپ کا دل نہیں جلتا؟ آہ ! مغرِبی فیشن کی یلغار ،فِرنگی تہَذیب کی طُومار ، بے حیائیوں سے بھر پور پروگرام دیکھنے کیلئے گھر گھر رکھے ہوئے ٹی وی اور وی سی آر ،