Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ نہم (9)
465 - 466
اس لیے کہ اس سے نماز کی فرضیت کا انکارمعلوم ہوتا ہے۔ (1)

    مسئلہ ۴۲: اذان کی آواز سن کر یہ کہنا کیا شور مچا رکھا ہے اگر یہ قول بروجہ انکار ہو کفر ہے۔(2) (عالمگیری) 

    مسئلہ ۴۳: روزہ رمضان نہیں رکھتا اور کہتا یہ ہے کہ روزہ وہ رکھے جسے کھانا نہ ملے یا کہتا ہے جب خدانے کھانے کودیا ہے تو بھوکے کیوں مریں یا اسی قسم کی اور باتیں جن سے روزہ کی ہتک وتحقیر(3) ہو کہنا کفر ہے۔ 

    مسئلہ ۴۴: علم دین اور علما کی توہین بے سبب یعنی محض اس وجہ سے کہ عالمِ علمِ دِین ہے کفر ہے۔ یوہیں عالمِ دین کی نقل کرنا مثلاً کسی کو منبر وغیرہ کسی اونچی جگہ پر بٹھائیں اور اس سے مسائل بطور استہزأدریافت کریں(4) پھر اسے تکیہ وغیرہ سے ماریں اور مذاق بنائیں یہ کفر ہے۔(5) (عالمگیری) یوہیں شرع کی توہین کرنا مثلاً کہے میں شرع ورع نہیں جانتا یا عالِمِ دِین محتاط کا فتویٰ پیش کیا گیا اس نے کہا میں فتوی ٰنہیں مانتا یا فتویٰ کو زمین پر پٹک دیا۔ 

    مسئلہ ۴۵: کسی شخص کو شریعت کا حکم بتایا کہ اس معاملہ میں یہ حکم ہے اس نے کہا ہم شریعت پر عمل نہیں کرینگے ہم تو رسم کی پابندی کرینگے ایسا کہنا بعض مشایخ کے نزدیک کفر ہے۔(6) (عالمگیری) 

    مسئلہ ۴۶: شراب پیتے وقت یا زنا کرتے وقت یا جوا کھیلتے وقت یا چوری کرتے وقت
''بِسْمِ اللہ''
 کہنا کفر ہے۔ دوشخص جھگڑ رہے تھے ایک نے کہا
''لاحَوْلَ وَلا قُوَّۃَ اِلاَّ بِاللہ''
دوسرے نے کہا
لاحَوْل
کا کیا کام ہے یا
لاحَوْل
کو میں کیا کروں یا
لاحَوْل
روٹی کی جگہ کام نہ دیگا۔ یوہیں
سُبْحَانَ اللہ اور لااِلٰہ اِلاَّ اللہ
کے متعلق اسی قسم کے الفاظ کہنا کفر ہے۔(7)(عالمگیری) 

    مسئلہ ۴۷: بیماری میں گھبرا کر کہنے لگا تجھے اختیار ہے چاہے کافر مار یا مسلمان مار ،یہ کفر ہے۔ یوہیں مصائب(8)میں مبتلا ہو کر کہنے لگا تو نے میرا مال لیا اور اولاد لے لی اور یہ لیا وہ لیا اب کیا کریگا اور کیا باقی ہے جو تونے نہ کیا اسطرح بکنا کفر ہے۔(9)

    مسئلہ ۴۸: مسلمان کو کلماتِکفر کی تعلیم وتلقین کرنا کفر ہے اگرچہ کھیل اور مذاق میں ایسا کرے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

1۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب السیر،الباب التاسع فی احکام المرتدین،ج۲،ص۲۶۸.

2۔۔۔۔۔۔المرجع السابق،ص۲۶۹.
3۔۔۔۔۔۔بے حرمتی۔

4۔۔۔۔۔۔ہنسی مذاق کے طور پرمسائل پوچھیں۔
5۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب السیر،الباب التاسع فی احکام المرتدین،ج۲،ص۲۷۰.

6۔۔۔۔۔۔المرجع السابق،ص۲۷۲.

7۔۔۔۔۔۔المرجع السابق،ص۲۷۳.
8۔۔۔۔۔۔مصیبتیں ،پریشانیاں۔
9۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب السیر،الباب التاسع فی احکام المرتدین،ج۲،ص۲۷۵.
Flag Counter