Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ نہم (9)
445 - 466
اور جس وقت خراج مقرر ہوا اُسی وقت سالِ آئندہ کا جزیہ بھی وصول کیا جائے گا۔ (1)(عالمگیری) 

    مسئلہ ۱۰: کتا بیہ عورت امان لیکر دارالاسلام میں آئی اور اس سے کسی مسلمان یا ذمی نے نکاح کر لیا تو اب ذمیہ ہو گئی اب دارالحرب کو نہیں جاسکتی۔ یوہیں اگر میاں بی بی دونوں آئے اور شوہر یہاں مسلمان ہوگیا تو عورت اب نہیں جا سکتی اور اگر مرد حربی نے کسی ذمی عورت سے نکاح کیا تو اس کی وجہ سے ذمی نہ ہوا ہوسکتا ہے کہ طلاق دیکر چلا جائے۔(2) (درمختار) 

    مسئلہ ۱۱: حربی نے اپنے غلام کو تجارت کے لیے دارالاسلام میں بھیجاغلام یہاں آکر مسلمان ہوگیا تو غلام بیچ ڈالا جائے گا اور اس کا ثمن حربی کے لیے محفوظ رکھا جائے گا یہ نہیں ہو سکتا کہ غلام واپس دیا جائے۔(3) (عالمگیری) 

    مسئلہ ۱۲: مستامن جب دارالحرب کو چلا گیا تو اب پھر حربی ہو گیا اور اگر اس نے کسی مسلمان یا ذمی کے پاس کچھ مال رکھا تھا یا اُن پر اُس کا دَین تھا اور اُس کافر کو کسی نے قید کر لیا یا اُس ملک کو مسلمانوں نے فتح کر لیا اور اُس کو مار ڈالا تو دَین ساقط ہوگیا اور وہ امانت فے ہے اور اگر بغیر غلبہ وہ مارا گیا یا مر گیا تو دَین اور امانت اُس کے وارثوں کے لیے ہے۔(4) (ملتقے) 

    مسئلہ ۱۳: حربی یا مرتد یا وہ شخص جس پر قصاص لازم آیا بھاگ کر حرم شریف میں چلا جائے تو وہاں قتل نہ کریں گے بلکہ اُسے وہاں کھانا پانی کچھ نہ دیں کہ نکلنے پر مجبور ہو اور وہاں سے نکلنے کے بعد قتل کر ڈالیں اور اگر حرم میں کسی نے خون کیا تو اُسے وہیں قتل کر سکتے ہیں اس کی ضرورت نہیں کہ نکلے تو قتل کریں۔ (5)(درمختار ،ردالمحتار) 

    مسئلہ ۱۴: جو جگہ دارالحرب ہے اب وہ دارالاسلام اُس وقت ہو گی کہ مسلمانوں کے قبضہ میں آجائے اور وہاں احکام اسلام جاری ہو جائیں اور دارالاسلام اُس وقت دارالحرب ہو گا، جبکہ یہ تین باتیں پائی جائیں۔ (۱) کفر کے احکام جاری ہوجائیں اور اسلامی احکام بالکل روک دیے جائیں اور اگر اسلام کے احکام بھی جاری ہیں اور کفر کے بھی تو دارالحرب نہ ہوا۔ (۲)دارالحرب سے متصل ہو کہ اس کے اور دارالحرب کے درمیان میں کوئی اسلامی شہر نہ ہو۔ (۳)اس میں کوئی مسلمان یا ذمی امان اول پرباقی نہ ہو۔ (6)(درمختار، ردالمحتار) اس سے معلوم ہوا کہ ہندوستان بحمدہ تعالیٰ اب تک دارالاسلام ہے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

1۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب السیر،الباب السادس فی المستأمن،الفصل الثانی،ج۲،ص۲۳۵.

2۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''،کتاب الجھاد، فصل فی استئمان الکافر،ج۶،ص۲۷۱.

3۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب السیر،الباب السادس فی المستأمن،الفصل الثانی،ج۲،ص۲۳۵.

4۔۔۔۔۔۔''ملتقی الابحرمع مجمع الانھر''،کتاب السیر والجھاد،باب المستأمن،فصل لایمکن مستامن...إلخ،ج۲،ص۴۵۳.

5۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''و''ردالمحتار''،کتاب الجھاد،فصل فی استئمان الکافر،مطلب:مھم الصبی...إلخ،ج۶،ص۲۷۶.

6۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''و''ردالمحتار''،کتاب الجھاد،فصل فی استئمان الکافر،مطلب:فی ما تصیربہ دارالإسلام ...إلخ،ج۶،ص۲۷۶،۲۷۷.
Flag Counter