Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ پنجم (5)
937 - 1029
    مسئلہ ۱۱: ماں پراپنے چھوٹے بچوں کی طرف سے صدقہ دینا واجب نہیں۔ (1) (ردالمحتار) 

    مسئلہ ۱۲: خدمت کے غلام اور مدبر و ام ولد کی طرف سے ان کے مالک پر صدقہ فطر واجب ہے، اگرچہ غلام مدیُون ہو، اگرچہ دَین میں مستغرق ہو اور اگر غلام گروی ہو اور مالک کے پاس حاجتِ اصلیہ کے سوا اتنا ہوکہ دَین ادا کر دے اور پھر نصاب کا مالک رہے تو مالک پر اُس کی طرف سے بھی صدقہ واجب ہے۔ (2) (درمختار، عالمگیری وغیرہما) 

    مسئلہ ۱۳: تجارت کے غلام کا فطرہ مالک پرواجب نہیں اگرچہ اس کی قیمت بقدرِ نصاب نہ ہو۔ (3) (درمختار، ردالمحتار) 

    مسئلہ ۱۴: غلام عاریۃً (4) دے دیا یا کسی کے پاس امانۃً رکھا تو مالک پر فطرہ واجب ہے اور اگر یہ وصیت کر گیا کہ یہ غلام فلاں کا کام کرے اور میرے بعد اس کا مالک فلاں ہے تو فطرہ مالک پر ہے، اُس پر نہیں جس کے قبضہ میں ہے۔ (5) (درمختار) 

    مسئلہ ۱۵: بھاگا ہوا غلام اور وہ جسے حربیوں نے قید کر لیا ان کی طرف سے صدقہ مالک پر نہیں۔ یوہیں اگر کسی نے غصب کر لیا اور غاصب انکار کرتا ہے اور اس کے پاس گواہ نہیں تو اس کا فطرہ بھی واجب نہیں، مگر جب کہ واپس مل جائیں تو اب ان کی طرف سے سالہائے گزشتہ کا فطرہ دے، مگر حربی اگر غلام کے مالک ہوگئے تو واپسی کے بعد بھی اس کا فطرہ نہیں۔ (6) (عالمگیری، درمختار، ردالمحتار) 

    مسئلہ ۱۶: مکاتب کا فطرہ نہ مکاتب پر ہے، نہ اس کے مالک پر۔ یوہیں مکاتب اور ماذُون کے غلام کا اور مکاتب اگر بدلِ کتابت ادا کرنے سے عاجز آیا تو مالک پر سالہائے گزشتہ کا فطرہ نہیں۔ (7) (عالمگیری) 

    مسئلہ ۱۷: دو یا چند شخصوں میں غلام مشترک ہے تو اُس کا فطرہ کسی پر نہیں۔ (8) (عالمگیری) 

    مسئلہ ۱۸: غلام بیچ ڈالا اور بائع یا مشتری یا دونوں نے واپسی کا اختیار رکھا عیدالفطر آگئی اور میعاد اختیار ختم نہ ہوئی تو
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ـ1۔۔۔۔۔۔ ''ردالمحتار''، کتاب الزکاۃ، باب صدقۃ الفطر، ج۳، ص۳۶۸. 

2۔۔۔۔۔۔ ''الدرالمختار''، کتاب الزکاۃ، باب صدقۃ الفطر، ج۳، ص۳۶۹. 

و ''الفتاوی الھندیۃ''، کتاب الزکاۃ، الباب الثامن في صدقۃ الفطر، ج۱، ص۱۹۲، وغیرہما. 

3۔۔۔۔۔۔ ''ردالمحتار''، کتاب الزکاۃ، باب صدقۃ الفطر، ج۳، ص۳۶۹. 

4۔۔۔۔۔۔ یعنی ادھار۔ 

5۔۔۔۔۔۔ ''الدرالمختار'' و ''ردالمحتار''، کتاب الزکاۃ، باب صدقۃ الفطر، ج۳، ص۳۶۹. 

6۔۔۔۔۔۔ المرجع السابق، ص۳۷۰. 

7۔۔۔۔۔۔ ''الفتاوی الھندیۃ''، کتاب الزکاۃ، الباب الثامن في صدقۃ الفطر، ج۱، ص۱۹۳. 

8۔۔۔۔۔۔ المرجع السابق.
Flag Counter