Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ سِوُم (3)
452 - 651
    مسئلہ ۶: حاجیوں کے ليے مزدلفہ میں نہایت اوّل وقت فجر پڑھنا مستحب ہے۔ (1) (عالمگیری) 

    مسئلہ ۷: عورتوں کے ليے ہمیشہ فجر کی نماز غلس ( یعنی اوّل وقت )میں مستحب ہے اور باقی نمازوں میں بہتر یہ ہے، کہ مردوں کی جماعت کا انتظار کریں، جب جماعت ہو چکے تو پڑھیں۔ (2) (درمختار) 

    مسئلہ ۸: جاڑوں کی ظہر میں جلدی مستحب ہے، گرمی کے دنوں میں تاخیر مستحب ہے، خواہ تنہا پڑھے یا جماعت کے ساتھ، ہاں گرمیوں میں ظہر کی جماعت اوّل وقت میں ہوتی ہو تو مستحب وقت کے ليے جماعت کا ترک جائز نہیں، موسم ربیع جاڑوں کے حکم میں ہے اور خریف گرمیوں کے حکم میں۔ (3) (درمختار، ردالمحتار، عالمگیری) 

    مسئلہ ۹: جمعہ کا وقت مستحب وہی ہے، جو ظہر کے ليے ہے۔ (4) (بحر) 

    مسئلہ ۱۰: عصر کی نماز میں ہمیشہ تاخیر مستحب ہے، مگر نہ اتنی تاخیر کہ خود قرص آفتاب میں زردی آجائے، کہ اس پر بے تکلّف بے غبار و بخار نگاہ قائم ہونے لگے ،دھوپ کی زردی کا اعتبار نہیں۔ (5) ( عالمگیری، درمختار وغیرہما) 

    مسئلہ ۱۱:     بہتر یہ ہے کہ ظہر مثل اوّل میں پڑھیں اور عصر مثل ثانی کے بعد۔ (6) (غنیہ) 

    مسئلہ ۱۲:     تجربہ سے ثابت ہوا کہ قرص آفتاب میں یہ زردی اس وقت آجاتی ہے، جب غروب میں بیس منٹ باقی رہتے ہیں، تو اسی قدر وقتِ کراہت ہے یوہیں بعد طلوع بیس منٹ کے بعد جواز نماز کا وقت ہو جاتا ہے۔ (7) (فتاویٰ رضویہ) 

    مسئلہ ۱۳: تاخیر سے مراد یہ ہے کہ وقت مستحب کے دو حصے کيے جائیں، پچھلے حصہ میں ادا کریں۔ (8) (بحرالرائق) 

    مسئلہ ۱۴: عصر کی نماز وقت مستحب میں شروع کی تھی، مگر اتنا طول دیا کہ وقت مکروہ آگیا تو اس میں کراہت نہیں۔ (9) (بحر و عالمگیری و درمختار )
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔ ''الفتاوی الھندیۃ''، کتاب الصلاۃ، الباب الأول في المواقيت، الفصل الثاني، ج۱، ص۵۲. 

2۔۔۔۔۔۔ ''الدرالمختار''، کتاب الصلاۃ، ج۲، ص۳۰. 

3۔۔۔۔۔۔ ''الفتاوی الھندیۃ''، کتاب الصلاۃ، الباب الأول في المواقیت، الفصل الثاني، ج۱، ص۵۲. 

و ''الدرالمختار'' و ''ردالمحتار''، کتاب الصلاۃ، ج۲، ص۳۵. 

4۔۔۔۔۔۔ ''البحرالرائق''، کتاب الصلاۃ، ج۱، ص۴۲۹. 

5۔۔۔۔۔۔ ''الفتاوی الھندیۃ''، کتاب الصلاۃ، الباب الأول في المواقیت، الفصل الثاني، ج۱، ص۵۲. 

6۔۔۔۔۔۔ ''غنیۃ المتملي شرح منیۃ المصلي''، الشرط الخامس، ص۲۲۷. 

7۔۔۔۔۔۔ ''الفتاوی الرضویۃ''، کتاب الصلاۃ، باب الأوقات، ج۵، ص۱۳۸. ملخصاً. 

8۔۔۔۔۔۔ ''البحرالرائق'' 

9۔۔۔۔۔۔ ''الفتاوی الھندیۃ''، کتاب الصلاۃ، الباب الأول في المواقيت، الفصل الثاني، ج۱، ص۵۲.
Flag Counter