Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ شانزدَہم (16)
454 - 660
    ''جب تم کو کوئی کسی لفظ سے سلام کرے تو تم اس سے بہتر لفظ جواب میں کہو یا وہی کہہ دو، بے شک اللہ (عزوجل)ہر چیز پر حساب لی نے والا ہے۔'' 

    اور فرماتا ہے:
    (فَاِذَا دَخَلْتُمۡ بُیُوۡتًا فَسَلِّمُوۡا عَلٰۤی اَنۡفُسِکُمْ تَحِیَّۃً مِّنْ عِنۡدِ اللہِ مُبٰرَکَۃً طَیِّبَۃً ؕ)
(1) 

    ''جب تم گھروں میں جاؤ تو اپنوں کو سلام کرو، اﷲ(عزوجل)کی طرف سے تحیت ہے مبارک پاکیزہ۔'' 

    حدیث ۱: صحیح بخاری و مسلم میں ابوہریرہ رضی اللہ تعالٰی عنہ سے مروی ، کہ رسول اﷲصلَّی اللہ تعالٰی علیہ وسلَّم نے فرمایاکہ اﷲتعالٰی نے آدم علیہ السلام کو ان کی صورت پر پیدا فرمایا، ان کا قد ساٹھ ہاتھ کا تھا، جب پیدا کیا یہ فرمایاکہ ان فرشتوں کے پاس جاؤ اور سلام کرو اور سنو کہ وہ تمھیں کیا جواب دیتے ہیں جو کچھ وہ تحیت کریں وہی تمھاری اور تمھاری ذریت کی تحیت ہے۔ حضرت آدم علیہ السلام نے ان کے پاس جا کر
السَّلامُ عَلَیْکُمْ
کہا، انھوں نے جواب میں کہا:
السَّلامُ عَلَیْکَ وَرَحْمَۃُ اﷲ۔
حضور (صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم)نے فرمایاکہ جواب میں ملائکہ نے وَرَحْمَۃُ اللہ زیادہ کیا۔ حضور (صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم)نے فرمایا: جو شخص جنت میں جائے گا وہ آدم علیہ السلام کی صورت پر ہوگا اور ساٹھ ہاتھ لمبا ہوگا۔ آدم علیہ السلام کے بعد لوگوں کی خلقت کم ہوتی گئی یہاں تک کہ اب۔ (2) (بہت چھوٹے قد کا انسان ہوتا ہے)۔ 

    حدیث ۲: صحیح بخاری و مسلم میں عبداللہ بن عَمْرْو رضی اللہ تعالٰی عنہماسے روایت ہے، کہ ایک شخص نے رسول اللہ صلی اﷲ تعالٰی علیہ وسلَّم سے دریافت کیا کہ اسلام کی کون سی چیز سب سے اچھی ہے۔ حضور (صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم)نے فرمایا:''کھانا کھلاؤ اور جس کو پہچانتے ہو اور نہیں پہچانتے سب کو سلام کرو۔''(3) 

    حدیث ۳: نسائی نے ابوہریرہ رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت کی، کہ رسول اﷲ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ وسلَّم نے فرمایا: ''ایک مومن کے دوسرے مومن پر چھ ۶ حق ہیں۔ (1)جب وہ بیمار ہو تو عیادت کرے اور (2) جب وہ مرجائے تو اس کے جنازے میں حاضر ہو اور (3)جب وہ بلائے تو اجابت کرے، یعنی حاضر ہو اور (4) جب اس سے ملے تو سلام کرے اور (5)جب چھینکے تو جواب دے اور (6) حاضر و غائب اس کی خیر خواہی کرے۔'' (4)
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔ پ۱۸، النور: ۶۱. 

2۔۔۔۔۔۔ ''صحیح مسلم''،کتاب الجنۃ...إلخ،باب یدخل الجنۃ اقوام...إلخ،الحدیث:۲۸۔(۲۸۴۱)،ص۱۵۲۲. 

و''صحیح البخاري''،کتاب الإستئذان،باب بدء السلام،الحدیث:۶۲۲۷،ج۴،ص۱۶۴.

3۔۔۔۔۔۔ ''صحیح البخاري''،کتاب الإیمان،باب إطعام الطعام من الإسلام،الحدیث:۱۲،ج۱ص۱۶.

4۔۔۔۔۔۔ ''سنن النسائي''،کتاب الجنائز،باب النھی عن سب الأموات،الحدیث:۱۹۳۵،ص۳۲۸.
Flag Counter