یارسول اﷲ(صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم)یہ فرمائیے کہ اگر مرد تنہائی میں ہو ارشاد فرمایا: ''اﷲعزوجل سے شرم کرنا زیادہ سزاوار ہے ۔''(1)
حدیث ۱۰: ترمذی نے حضرت عمر رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت کی، کہ رسول اﷲصلَّی اللہ تعالٰی علیہ وسلَّم نے فرمایا:''جب مرد عورت کے ساتھ تنہائی میں ہوتا ہے، تو تیسرا شیطان ہوتا ہے۔''(2)
حدیث ۱۱: ترمذی نے جابر رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت کی ، کہ رسول اﷲصلَّی اللہ تعالٰی علیہ وسلَّم نے فرمایا:'' جن عورتوں کے شوہر غائب ہیں ان کے پاس نہ جاؤ ،کہ شیطان تم میں خون کی طرح تیرتا ہے یعنی شیطان کو بہکاتے دیر نہیں لگتی۔ ہم نے عرض کی، اورحضور (صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم)سے، یارسول اﷲ!(صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم)۔ فرمایا:اور مجھ سے بھی، مگر اﷲ(عزوجل)نے میری اس کے مقابل میں مدد فرمائی، وہ مسلمان ہوگیا یا میں سلامت رہتا ہوں۔''(3)حدیث کے لفظ میں دونوں معنی ہوسکتے ہیں۔
حدیث ۱۲: صحیح بخاری و مسلم میں عقبہ بن عامر رضی اللہ تعالٰی عنہ سے مروی، کہ رسول اﷲ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ وسلَّم نے فرمایا:''عورتوں کے پاس جانے سے بچو۔''ایک شخص نے عرض کی، یارسول اﷲ(صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم)!دیور کے متعلق کیا حکم ہے؟ فرمایاکہ ''دیور موت ہے۔''(4)یعنی دیور کے سامنے ہونا گویا موت کا سامنا ہے کہ یہاں فتنہ کا زیادہ احتمال ہے۔
حدیث ۱۳: ترمذی نے ابن عمر رضی اللہ تعالٰی عنہماسے روایت کی، کہ رسول اﷲ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ وسلَّم نے فرمایا:''برہنہ ہونے سے بچو، کیونکہ تمھارے ساتھ وہ (فرشتے)ہوتے ہیں جو جدا نہیں ہوتے مگر صرف پاخانہ کے وقت اور اس وقت جب مرد اپنی عورت کے پاس جاتا ہے، لہٰذا ان سے حیا کرو اور ان کا اکرام کرو۔''(5)
حدیث ۱۴: ترمذی وابو داود نے جرہد رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت کی، کہ رسول اﷲصلَّی اللہ تعالٰی علیہ وسلَّم نے فرمایاکہ ''کیا تمھیں معلوم نہیں کہ ران عورت ہے۔''(6)یعنی چھپانے کی چیز ہے۔