| آئینہ قیامت |
مُفَسّرِشہیر حکیم الامت حضرتِ مفتی احمد یار خان علیہ رحمۃ الحنّان فرماتے ہیں:''مُحرم کی نویں اور دسویں کو روزہ رکھے تو بَہُت ثواب پائے گا ۔ بال بچّوں کیلئے دسویں محرم کو خوب اچّھے اچّھے کھانے پکائے تواِن شاءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ سال بھر تک گھر میں بَرکت رہے گی۔ بہتر ہے کہ کِھچڑا پکا کر حضرِت شہید کربلا سیِّدُناامامِ حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی فاتحہ کرے بَہُت مُجرّب (یعنی مؤثر وآزمودہ)ہے۔ اسی تاریخ یعنی ۱۰ مُحرم الحرام کو غسل کرے تو تمام سال اِن شاءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ بیماریوں سے امن میں رہے گا کیونکہ اس دن آبِ زم زم تمام پانیوں میں پہنچتا ہے۔
( تفسیر روح البیان،ج۴،ص۱۴۲،کوئٹہ۔اسلامی زندگی،ص۹۳)
سرورِکائنات،شاہ موجودات صلی اللہ تعالیٰ علیہ والہ وسلم نے ارشاد فرمایا:جو شخص یومِ عاشوراء اثمد سرمہ آنکھوں میں لگائے تو اسکی آنکھیں کبھی بھی نہ دکھیں گی۔
(شعب الایمان،الحدیث۳۷۹۷،ج۳،ص۳۶۷۔فیضان سنت،ص۱۳۴۷تا۱۳۵۴)
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللہُ تعالیٰ علیٰ محمَّد
یکم محرم الحرام کو بِسْمِ اللہِ الرَحْمٰنِ الرَحِیْمِ130بار لکھ کر (یا لکھوا کر)جوکوئی اپنے پاس رکھے(یا پلاسٹک کوٹنگ کرواکر کپڑے،ریگزین یاچمڑے میں سلوا کرپہن لے)ان شآء اللہ عزوجل عمر بھر اس کو یا اس کے گھر میں کسی کو کوئی برائی نہ پہنچے۔
(شمس المعارف مترجم،ص۷۳۔فیضان سنت،ص۱۳۶)