۱۴۲۵ھ(جنوری 2005ء)میں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران اور مجلسِ بینَ الاقوامی اُمُور کے بعض اراکین وغیرہ کا مَدَنی قافِلہ بابُ المدینہ(کراچی پاکستان)سے سفر کر کے ساؤتھ افریقہ پہنچا، اِسی دوران دعوتِ اسلامی کا مَدَنی مرکز فیضانِ مدینہ بنانے کیلئے جگہ دیکھنے کے لئے یہ قافِلہ ایک مقام پرپہنچا ، وہاں پہلے سے موجود اسلامی بھائیوں نے مَدَنی قافِلے کا پُر تپاک طریقے پر خیر مقدم کیا۔ اُس جگہ کامالِک جو کہ عیسائی تھا ،با عمامہ و بارِیش چمکدار و نور بار چہرے والے عاشِقانِ رسول کے جلووں اور اللہ اللہ کے پُر کیف نغموں میں مست ہوگیا، بے قرار ہو کر آگے بڑھا اور نگرانِ شوریٰ سے کہنے لگا،'' مجھے مسلمان کر لیجئے۔'' اُسے فوراً نصرانی مذہب سے توبہ کروا کر کلمہ شریف پڑھا کر مسلمان کر لیا گیا، اسلامی بھائیوں کی خوشی کی انتہاء نہ رہی،اللہ اللہ کی زور دار صداؤں سے فَضا کا سینہ دَہَل اُٹھا۔