سنّتوں کی تربیّت کا عاشِقانِ رسول کا ایک مَدَنی قافِلہ ''کورِیا'' کے ایک عَلاقے میں گیا، وہاں پر ایک غیر مسلم کورِیَن نے مَدَنی قافِلے کو دیکھ کر پوچھا ، کیا آپ لوگ مسلمان ہیں؟ مَدَنی قافِلے والوں نے کہا، اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عَزَّوَجَلَّ ہم مسلمان ہیں ۔ اُس نے پوچھا، یہ سر پر کیا باندھا ہوا ہے؟ جوابدیا، یہ عمامہ شریف ہے جو کہ ہمارے پیارے پیارے نبی صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی پیاری پیاری سنّت ہے۔ اِسی طرح اُس نے داڑھی شریف کے بارے میں سُوال کیا، جواب ملا، یہ بھی ہمارے میٹھے میٹھے نبی صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی میٹھی میٹھی سنّت ہے۔ وہ کہنے لگا، میں نے اِسلام کو کتابوں میں پڑھا تھا مگر نِگاہوں سے نہیں دیکھا تھا۔ آج پہلی بار اسلام کی عملی تصویرنظروں کے سامنے آئی، جو دل کو بے حد بھائی ہے، مہربانی فرما کر مجھے کَلمِہ پڑھا کر مسلمان کر لیجئے۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عَزَّوَجَلَّ مَدَنی قافِلے والے عاشِقانِ رسول کے نورانی داڑھیوں اور پُر نور عماموں سے جگمگاتے نُور برساتے دلرُبا چہروں کی زِیارت کی بَرَکت سے وہ کورین کافِر مُشرَّف بہ اسلام ہو گیا۔