صدقہ کرنے کی فضیلت:
(6189)…اُمُّ المؤمنین حضرتِ سیِّدَتُنا عائشہ صدیقہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہَا بیان کرتی ہیں: ہمیں ایک بُھنی ہوئی بکری تحفہ میں دی گئی، میں نے اسے تقسیم کردیا لیکن اس کا بازو چھوڑ دیا۔ جب رسولُ اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم تشریف لائے تو میں نے انہیں سارا ماجرا سنایا۔ آپ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا:”بازو کے علاوہ ساری بکری تمہارے لئے ذخیرہ کردی گئی ہے۔“
مسجدبنانےکی فضیلت:
(6190)…امیرالمؤمنین حضرتِ سیِّدُناابوبکرصدیقرَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سے مروی ہے کہ مُصْطفٰے جانِ رحمت صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نےارشادفرمایا:”جس نے مسجد بنائی اگرچہ پرندے کے گھونسلے برابر تو اللہ عَزَّ وَجَلَّ اس کے لئے جنت میں گھر بنائے گا۔“(1)
نماز میں کمی کرنےوالا:
(6191)…حضرتِ سیِّدُنازید بن وَہْب رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ سے روایت ہے کہ حضرتِ سیِّدُنا حذیفہرَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ نے ایک شخص کو نماز(کے رکوع وسجود) میں کوتاہی کرتے دیکھا تو اس سے پوچھا:”تم کب سے اس طرح نماز پڑھ رہے ہو؟“اس نے کہا:”40سال سے۔“آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ نے فرمایا:”تم نے40سال سے نماز نہیں پڑھی، اگر تمہیں اسی حالت پر موت آگئی تو تم دیْنِ محمدی پر نہیں مرو گے۔“
(6192)…حضرتِ سیِّدُنا سعد بن مُعاذرَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ نے بارگاہِ رسالت میں حاضری کے لئے دروازے کے سامنے کھڑے ہو کر اجازت طلب کی تو معلم کائنات، شاہِ موجودات صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے اپنے دستِ اقدس سے اپنی آنکھوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ارشاد فرمایا:”سعد!اجازت نظر کی وجہ سے ہی تو طلب کی جاتی ہے۔“(2)
مـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــدینـــہ
…الاحسان،کتاب الصلوة،باب المساجد،۳/ ۶۹،حدیث:۱۶۰۸
2…ابو داود،کتاب الادب،باب فی الاستئذان،۴/ ۴۴۲،حدیث:۵۱۷۴،بتغیرقلیل، عن سعد بن ابی وقاص