اللہ عَزَّ وَجَلَّ فرماتاہے:میری خاطرآپس میں محبت کرنےوالےمیری محبت کے مستحق ہوگئے، میری خاطرایک دوسرے پر خرچ کرنےوالے میری محبت کے مستحق ہوگئے،میری خاطر آپس میں ملاقات کرنے والے میری محبت کے مستحق ہوگئے،میری خاطرایک دوسرے کونصیحت کرنے والے میری محبت کے مستحق ہوگئے۔(1)
٭…٭…٭…٭…٭…٭
حضرتِ سیِّدُناابوادریس خَولانی قُدِّسَ سِرُّہُ النُّوْرَانِی
حضرتِ سیِّدُناابوادریس خَولانی عائذاللہ بن عبداللہ تبع تابعی بزرگ ہیں۔ آپ صاحبِ بصیرت اور بہت غور و فکر کرنے والے تھے۔
(6617)…ایک یمنی شخص کابیان ہےکہ حضرتِ سیِّدُناابوادریس خَولانی قُدِّسَ سِرُّہُ النُّوْرَانِی بارگاہِ خداوندی میں عرض کیا کرتےتھے:اے پروردگار! مجھے ایسا بندہ بنادے کہ میری نگاہ جب دیکھے عبرت ونصیحت حاصل کرے، خاموشی میں غوروفکر کرتا رہوں اور زبان ذکر کرتی رہے۔
میلے کپڑوں میں ستھرادل:
(6618)…حضرتِ سیِّدُناضِراربن مرّہ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہبیان کرتے ہیں کہ میں خراسان میں حضرتِ سیِّدُنا ضَحّاک رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ سےبوسیدہ پوستین پہنےملا،آپ نے دیکھ کرفرمایا: حضرتِ سیِّدُناابوادریس خولانی قُدِّسَ سِرُّہُ النُّوْرَانِی فرماتے ہیں کہ ستھرے کپڑوں میں میلا دل ہونے سے بہتر ہے کہ میلے کپڑوں میں ستھرا دل ہو۔
جنت کی خوشبوسے بھی محروم:
(6619)…حضرتِ سیِّدُناابراہیم دِمَشقی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْوَ لِیروایت کرتے ہیں کہ حضرتِ سیِّدُناابوادریس خَولانی قُدِّسَ سِرُّہُ النُّوْرَانِی نے فرمایا:جس نےفَنِ حدیث میں اس لئے مہارت حاصل کی کہ اس کے ذریعے لوگوں کے دلوں کو اپنی طرف راغب کرے وہ جنت کی بوتک نہ پائے گا۔
مـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــدینـــہ
…مسند امام احمد،مسند الانصار،حدیث معاذ بن جبل،۸/ ۲۴۶،حدیث:۲۲۱۲۵