Brailvi Books

حِلْیَۃُ الْاَوْلِیَاء وَطَبَقَاتُ الْاَصْفِیَاء(جلد:4)ترجمہ بنام اللہ والوں کی باتیں
52 - 475
گئی اور ساری مخلوق نے اپنی گردنیں جھکا دیں۔ اللہ عَزَّ  وَجَلَّ نے ارشاد فرمایا: میں بادشاہ ہوں میرے سوا کسی کی بادشاہی نہیں، وسیع رحمت اور اچھے ناموں والا ہوں۔ میں اللہ ہوں میرے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں بزرگی والے عرش اور بلند و بالا افلاک کا مالک ہوں۔ میں اللہ ہوں میرے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں احسان، فضل اورنعمتیں فرمانے والا اور بڑائی والا ہوں۔ میں اللہ ہوں میرے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں آسمان و زمین اور ان میں رہنے والوں کا بغیر نمونے کے پیدا فرمانے والا ہوں۔ ہر شے میری عظمت سے بھری ہوئی،میری بادشاہت ہر شے پر غالب، میراعلم و قدرت ہر شے  کو محیط، میری رحمت ہر شے کو وسیع اور میرا لطف و کرم ہر شے تک پہنچنے والا ہے۔ میں ہی اللہ ہوں۔ اے گروہِ مخلوق! میری شان جان لو۔ زمین و آسمان میں میری ہی قدرت ہےاور ساری کی ساری مخلوق کا قیام و دوام میری ہی قدرت سے ہے۔ مخلوق میں تبدیلی میرے ہی قبضَۂ قدرت میں ہے۔اس کی حیات میرے رزق سے ہے۔ اس کی زندگی، موت، بقا وفنا سب میری قدرت میں ہے۔ میرے علاوہ ان کی کوئی  جائے پناہ نہیں۔ اگر میں مخلوق سے اپنی نظر رحمت پھیر لوں تو سب ہلاک ہو جائیں۔ اگر اپنی عنایتیں یونہی جاری رکھوں تو اس  سے میرا نہ کچھ نقصان ہے نہ کوئی فائدہ اور مخلوق کا مفقود ہونا مجھے نقصان دہ نہیں۔ مجھے اپنی طاقت، بادشاہت، برہان، نور، زبردست پکڑ، علومرتبت اور عظیم شان کی عزتوں پر فخر ہے۔ میری مثل کوئی چیز نہیں۔ میرے سوا کوئی معبود نہیں، میری تخلیق کردہ کسی شے کو مجھ سے منہ پھیرنا  اور میرا انکار کرنا روا نہیں، جسے میں نے پیدا کیا بھلا وہ کس طرح میری معرفت سے انکار کر سکتا ہے یا کس طرح میرے حکم میں جھگڑ سکتا ہے حالانکہ میرے علاوہ اس کا کوئی پیدا کرنے والااور وارث  نہیں  اور جو میرے قبضَۂ قدرت میں ہو مجھ پر کیسے غالب آسکتا ہے؟ جس کو میں  زندگی عطا کروں، اس کے جسم کو بیمار کروں، اس کی عقل میں کمی کروں ، موت دوں، بوڑھا کروں وہ کیونکر مجھ سے پھر سکتا ہے؟ اور یہ سب میرے لیے ناممکن نہیں۔ بھلا کیونکر میرا بندہ،بندی اور ان کی اولاد میری عبادت سے انکار کریں گے  حالانکہ میرے علاوہ ان کا کوئی خالق و وارث نہیں جس کی طرف وہ منسوب کیے جا ئیں اور وہ میرے علاوہ کسی ایسےکی عبادت کیسے کرسکتے ہیں جسے ایام  بوسیدہ اور شب و روز کا گزرنا فنا کر دےحالانکہ دن رات تو میری سلطنت کے دو ہلکے سے شعبے ہیں۔ تو اے فانی دنیا والو!آجاؤ اور فقط مجھ ہی سے لو لگا لو۔ میں نے اپنے ذمّۂ کرم پر رحمت کو لازم کر لیا