(05-6004)…حضرتِ سیِّدُنا عمار بن یاسر رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ فرماتے ہیں کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّکےمحبوب،دانائے غیوب صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا:افسوس! اے سمیہ کے بیٹے! تجھے باغیوں کا گروہ شہید کرے گا۔(1)
(6006)…حضرتِ سیِّدُناخباب بن ارت رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ فرماتے ہیں: حضور نبی پاک صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا:بے شک بنی اسرائیل (جب اعمالِ صالحہ ترک کر کے) قصوں کہانیوں میں پڑے تو ہلاک ہو گئے۔(2)
چار چیزوں سے خدا کی پناہ:
(6007)…حضرتِ سیِّدُنا عبداللہ بن عَمْرو رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ فرماتے ہیں کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے محبوب، دانائے غیوب صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نفع نہ دینے والے علم، مقبول نہ ہونے والی دعا، بے خوف دل اور کبھی سیر نہ ہونے والے نفس سے اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی پناہ مانگتے تھے۔(3)
(6008)…حضرتِ سیِّدُنا عبداللہ بن ابو ہذیل رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ فرماتے ہیں: مجھے میرے شیخ نے بتایا کہ وہ مسجدِ ایلیا میں داخل ہوئے اور ایک ستون کے پاس بیٹھ گئے، اتنے میں ایک بزرگ آئے اور ایک ستون کی طرف ہو کر نماز پڑھنے لگے، میں نے ان کے بارے میں سوال کیا تو لوگوں نے بتایا کہ یہ حضرتِ سیِّدُنا عبداللہ بن عَمْرو رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ ہیں، آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ نے فرمایا: میں نے تمہارے نبی صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کو یہ فرماتے ہوئے سنا:اے اللہ عَزَّ وَجَلَّ! میں نفع نہ دینے والے علم، بے خوف دل، قبول نہ ہونے والی دعا اور کبھی نہ سیر ہونے والے نفس سےتیری پناہ چاہتا ہوں ان چاروں کے شر سے میں تیری پناہ لیتا ہوں۔(4)
(6009)…حضرتِ سیِّدُنا ابن عباس رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُمَا فرماتے ہیں کہ مُعَلِّمِ کائنات، شاہِ موجودات صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا: ہر شخص اپنی قربانی سے کھائے۔(5)
مـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــدینـــہ
… مسلم،کتاب الفتن،باب لا تقوم الساعة...الخ،ص ۱۵۵۸، حدیث: ۲۹۱۵
2…معجم کبیر، ۴/ ۸۰ ،حدیث: ۳۷۰۵
3…ابن ماجہ،کتاب السنة، باب الانتفاع بالعلم والعمل بہ، ۱/ ۱۶۳،حدیث:۲۵۰ بتغیر قلیل، عن ابی ھریرة
4… مسلم ،كتاب الذكر والدعاء والتوبة والاستغفار،باب التعوذ من شر ما...الخ، ص۱۴۵۷،حدیث: ۲۷۲۲،عن زید بن ارقم
مسنداحمد،مسند عبد للّٰہ بن عمرو بن عاص، ۲/ ۶۳۷،حدیث :۶۸۸۲
5… معجم کبیر، ۱۲/ ۱۱۱، حدیث:۱۲۷۱۰