Brailvi Books

حِلْیَۃُ الْاَوْلِیَاء وَطَبَقَاتُ الْاَصْفِیَاء(جلد:2)ترجمہ بنام اللہ والوں کی باتیں
94 - 603
ہے۔‘‘ آپ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہَا  نے فرمایا: ’’اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ امیرالمؤمنین رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ کی مغفرت فرمائے! اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ کی قسم! مجھ سے زیادہ میری دیگر بہنیں اس کی مستحق ہیں۔‘‘ عرض کی گئی: ’’یہ سارا آپ کے لئے ہے۔‘‘ فرمایا: ’’سُبْحَانَ اللّٰہ! کیا تم میرے اور اس عطیہ کے درمیان چادر یا کپڑا حائل کرسکتی ہو؟ اسے رکھ کر اس پر کپڑا ڈال دو۔‘‘ پھر فرمایا: ’’اس میں سے لے لو اور میرے فلاں رشتہ دار اور فلاں یتیموں کو دے آؤ۔‘‘ حتی کہ کپڑے کے نیچے تھوڑی سی رقم باقی بچی۔ حضرتِ سیِّدَتُنا برہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہَا کہتی ہیں: ’’جب ہم نے کپڑے کے نیچے والی رقم اٹھائی تو وہ 80سے کچھ زائد درہم تھے۔ پھر ام المؤمنین حضرتِ سیِّدَتُنا زینب رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہَا نے ہاتھ اٹھا کر دعا کی: ’’اے اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ! اس سال کے بعد امیرالمؤمنین رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ کی طرف سے مجھے پھر کبھی عطیہ نہ ملے۔‘‘ چنانچہ، ازواجِ مطہرات میں سے سب سے پہلے آپ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہَا ہی کا وصال ہوا۔  (۱)
لمبے ہاتھوں والی:
(1496)…ام المؤمنین حضرتِ سیِّدَتُنا عائشہ صدیقہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہَا  فرماتی ہیں کہ ایک مرتبہ حُسنِ اَخلاق کے پیکر، مَحبوبِ رَبِّ اَکبر صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَـیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ازواج مطہرات سے ارشاد فرمایا: ’’میرے بعد تم میں سب سے پہلے لمبے ہاتھوں والی کا وصال ہوگا۔‘‘ چنانچہ، آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَـیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے وصالِ ظاہری کے بعد جب ہم جمع ہوتیں تو اپنے ہاتھ دیوار کے ساتھ لگا کر ناپتی تھیں۔ ہم اسی طرح کرتی رہیں یہاں تک کہ سب سے پہلے حضرتِ زینب رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہَا کا وصال ہوا حالانکہ ان کا قد چھوٹا تھا اور ہم میں سے کسی سے زیادہ لمبی بھی نہیں تھیں تو میں نے جان لیا کہ لمبے ہاتھ والی سے مراد کثرت سے صدقہ وخیرات کرنے والی تھی۔ ام المؤمنین حضرتِ زینب رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہَا ہنرمند خاتون تھیں۔ اپنے ہاتھ سے چیزیں بناتیں اور ان سے حاصل ہونے والی رقم راہِ خدا میں صدقہ کردیا کرتی تھیں۔‘‘  (۲)
صَلُّوْاعَلَی الْحَبِیْب!	صَلَّی اللّٰہُ تعالٰی عَلٰی مُحَمَّد
مـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــدینـــہ
1…الطبقات الکبری لابن سعد، ذکر ازواج رسول اللّٰہ، الرقم:۴۱۳۲، زینب بنت جحش، ج۸، ص۸۶،
	برّھ بنت رافع بدلہ برزہ بنت رافع۔
2… المعجم الکبیر، الحدیث:۱۳۷، ج۲۴، ص۵۰۔
	الطبقات الکبری لابن سعد، ذکر ازواج رسول اللّٰہ، الرقم:۴۱۳۲، زینب بنت جحش، ج۸، ص۸۵۔