مہاجرین و انصار کے لئے دعا:
(2492)…حضرت سیِّدُنا معاویہ بن قرہ رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَـیْہ حضرت سیِّدُنا انس بن مالک رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ سے روایت کرتے ہیں کہ سرکار مکہ مکرمہ، سردار مدینہ منورہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَـیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے مہاجرین و انصار کے لئے یوں دعا فرمائی: ’’اے اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ! زندگی تو صرف آخرت کی زندگی ہے، تو انصار ومہاجرین کی اصلاح ودرستی فرما۔‘‘ (۱)
فرض نماز کے بعد کی دعا:
(2493)…حضرت سیِّدُنا معاویہ بن قرہ رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَـیْہ حضرت سیِّدُنا انس بن مالک رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ سے روایت کرتے ہیں کہ امام الانبیا، محبوب کبریا صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَـیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم جب سلام پھیرتے تو سیدھا ہاتھ پیشانی مبارک پر رکھ کر یہ دعا پڑھتے: ’’بِسْمِ اللّٰہِ الَّذِیْ لَااِلٰہَ اِلَّاھُوَ الرَّحْمٰنُ الرَّحِیْم اَللّٰھُمَّ اَذْھِبْ عَنِّی الْھَمَّ وَالْحُزْن یعنی اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ کے نام سے جس کے سوا کوئی معبود نہیں، وہ رحمن و رحیم ہے۔ اے اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ! مجھ سے غم ورنج کو دور کردے۔‘‘ (۲)
اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ تم پر رحم فرمائے گا:
(95-2494)…حضرت سیِّدُنا معاویہ بن قرہ رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَـیْہ اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ ایک شخص نے بارگاہِ رسالت میں عرض کی: ’’یارَسُوْلَ اللّٰہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَـیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم! جب میں کسی بکری کو ذبح کرنے کے لئے لٹا تا ہوں تو مجھے اس پر رحم آتا ہے۔‘‘ ارشاد فرمایا: ’’اگر تم بکری پر رحم کرو گے تو اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ تم پر رحم فرمائے گا۔‘‘ (۳)
(2496)…حضرت سیِّدُنا معاویہ بن قرہ رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَـیْہ سے مروی ہے کہ میرے والد محترم بیان کرتے ہیں کہ ایک مرتبہ میں نے بارگاہِ رسالت میں عرض کی: ’’یارَسُوْلَ اللّٰہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَـیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم! جب میں بکری ذبح کرتا ہوں تو مجھے اس پر رحم آتا ہے۔‘‘ ارشاد فرمایا: ’’اگر تم بکری پر رحم کرو گے تو اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ تم پر رحم فرمائے گا۔‘‘ (۴)
مـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــدینـــہ
1…صحیح البخاری، کتاب الرقاق، باب ماجاء فی الرقاق…الخ، الحدیث:۶۴۱۳، ج۴، ص۲۲۲۔
2… الدعاء للطبرانی، جامع ابواب القول فی ادبار الصلوات، الحدیث:۶۵۹، ص۲۱۰۔
3…المعجم الکبیر، الحدیث:۴۷-۴۴، ج۱۹، ص۲۴-۲۳۔
4…المسند للامام احمد بن حنبل، مسند البصریین، الحدیث:۲۰۳۸۵، ج۷، ص۳۰۲۔