Brailvi Books

حِلْیَۃُ الْاَوْلِیَاء وَطَبَقَاتُ الْاَصْفِیَاء(جلد:2)ترجمہ بنام اللہ والوں کی باتیں
420 - 603
ماں کا ادب:
(2350)…حضرت سیِّدُنا ہشام بن حسام رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَـیْہ بیان کرتے ہیں: حضرت سیِّدُنا امام محمد بن سیرین عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْمُبِیْن کے اہل و عیال میں سے کسی نے مجھے بتایا کہ ’’حضرت سیِّدُنا امام محمد بن سرین عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْمُبِیْن جب بھی اپنی والدہ ماجدہ سے گفتگو کرتے تو نہایت عاجزی و انکساری کرتے۔‘‘  (۱)
(2351)…حضرت سیِّدُنا ابن عون رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَـیْہ سے مروی ہے کہ ایک شخص حضرت سیِّدُنا امام محمد بن سیرین عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْمُبِیْن کے پاس آیا اس وقت آپ اپنی والدہ ماجدہ کی خدمت میں حاضر تھے (اور حالت سے یوں محسوس ہورہا تھا گویا تکلیف میں مبتلا ہوں) اس نے پوچھا: ’’انہیں کیا ہوا کیا کسی تکلیف میں مبتلا ہیں؟‘‘ لوگوں نے کہا: ’’نہیں! جب یہ اپنی والدہ ماجدہ کی خدمت میں حاضر ہوتے ہیں تو ان کی یہی حالت ہوتی ہے (اور ان پر عاجزی و انکساری کی کیفیت طاری رہتی ہے)۔‘‘  (۲)
بخشش کا سبب:
(2352)…حضرت سیِّدُنا ابن عون رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَـیْہ سے مروی ہے کہ حضرت سیِّدُنا امام محمد بن سیرین عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْمُبِیْن نے فرمایا: ’’جنگل میں ایک درخت تھا جس کی پوجا کی جاتی تھی، ایک شخص نے کلہاڑا لیا اور اسے کاٹ دیا۔ پس اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ نے اس کی مغفرت فرمادی۔‘‘
(2353)…حضرت سیِّدُنا ابن عون رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَـیْہ سے مروی ہے کہ حضرت سیِّدُنا امام محمد بن سیرین عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْمُبِیْن نے فرمایا: ’’صحابۂ کرام عَلَـیْہِمُ الرِّضْوَان دینی معاملات میں مدد کرنے کو حسن اخلاق میں شمار کرتے تھے۔‘‘  (۳)
(2354)…حضرت سیِّدُنا ہشام رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَـیْہ سے مروی ہے کہ حضرت سیِّدُنا امام محمد بن سیرین عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْمُبِیْن نے فرمایا: ’’صحابۂ کرام عَلَـیْہِمُ الرِّضْوَان شک وشبہ سے بالاتر ہو کر باہم پیار و محبت سے رہاکرتے تھے۔‘‘  (۴)
مـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــدینـــہ
1…الزہد للامام احمد بن حنبل، زہد محمد بن سیرین، الحدیث:۱۷۶۷، ص۳۱۰، بتغیرلفظ۔
2…الزہد للامام احمد بن حنبل، زہد محمد بن سیرین، الحدیث:۱۷۶۹، ص۳۱۱۔
3…موسوعۃ الامام ابن ابی الدنیا، کتاب التواضع والخمول، الحدیث:۱۹۱، ج۳، ص۵۷۲۔
4…ذم الہوی، الباب الواحد والثلاثون فی الافتخار بالعفاف، ص۲۲۷۔