Brailvi Books

حِلْیَۃُ الْاَوْلِیَاء وَطَبَقَاتُ الْاَصْفِیَاء(جلد:2)ترجمہ بنام اللہ والوں کی باتیں
419 - 603
(2346)…حضرت سیِّدُنا جریری عَلَـیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْوَلِی بیان کرتے ہیں کہ ہم حضرت سیِّدُنا امام محمد بن سیرین عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْمُبِیْن کی خدمت میں بیٹھے ہوئے تھے، جب ہم نے اٹھنے کا ارادہ کیا تو عرض کی: ’’اے ابو بکر! ہمارے لئے دعا فرمادیجئے۔‘‘ چنانچہ، آپ نے یوں دعا کی: ’’اَللّٰہُمَّ تَقَبَّلْ مِنَّا اَحْسَنَ مَانَعْمَلُ وَتَجَاوَزْ عَنَّا فِیْ اَصْحَابِ الْجَنَّۃِ وَعْدَ الصِّدْقِ الَّذِیْ کَانُوْا یُوْعَدُوْن یعنی اے اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ! ہماری نیکیاں قبول فرما اور ہماری تقصیروں (کوتاہیوں) سے درگزر فرما، جنتیوں میں سے کردے جنہیں سچاوعدہ دیاجاتا تھا۔‘‘  (۱)
خواب نقصان نہ پہنچائیں:
(2347)…حضرت سیِّدُنا سلام بن مسکین عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْمُبِیْن بیان کرتے ہیں: میں نے حضرت سیِّدُنا امام محمد بن سیرین عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْمُبِیْن کو فرماتے سنا کہ ’’جب بندہ بیداری میں اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ سے ڈرتا ہے تو نامناسب خواب اسے نقصان نہیں پہنچاتے۔‘‘  (۲)
(2348)…حضرت سیِّدُنا وہب بن جریر عَلَـیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْقَدِیْر سے مروی ہے کہ جب کوئی شخص حضرت سیِّدُنا امام محمد بن سیرین عَلَـیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْمُبِیْن سے خواب کی تعبیر پوچھتا تو آپ اس سے فرماتے: ’’بیداری میں اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ سے  ڈرتے رہو نامناسب خواب تمہیں نقصان نہیں پہنچا سکیں گے۔‘‘  (۳)
سونے کی پنڈلیوں والا:
(2349)…حضرت سیِّدُنا عبداللّٰہ بن کردوس رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ سے مروی ہے کہ حضرت سیِّدُنا امام محمد بن سیرین عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْمُبِیْن نے مجھے فرمایا: میں نے سونے کی پنڈلیوں والے ایک شخص کو خواب میں دیکھ کر پوچھا: ’’اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ نے تیرے ساتھ کیا معاملہ فرمایا؟‘‘ کہا: ’’اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ نے میری مغفرت فرماکر مجھے جنت میں داخل کردیا اور میری پنڈلیاں سونے میں تبدیل فرمادیں، ان کے ذریعے میں جنت میں جہاں چاہتا ہوں سیر کرتا ہوں۔‘‘ میں نے پوچھا: ’’اس قدر انعام و اکرام کس عمل کے سبب عطا ہوا؟‘‘ کہا: ’’میں راستے سے تکلیف دہ چیز ہٹا دیا کرتا تھا۔‘‘
مـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــدینـــہ
1…الزہد للامام احمد بن حنبل، زہد محمد بن سیرین، الحدیث:۱۷۹۱، ص۳۱۳۔
2…الزہد للامام احمد بن حنبل، زہد محمد بن سیرین، الحدیث:۱۷۸۱، ص۳۱۲، بتغیر۔
3…صفۃ الصفوۃ، الرقم:۵۰۴، محمد بن سیرین، ج۳، ص۱۶۵۔