Brailvi Books

حِلْیَۃُ الْاَوْلِیَاء وَطَبَقَاتُ الْاَصْفِیَاء(جلد:2)ترجمہ بنام اللہ والوں کی باتیں
241 - 603
الْقَوِی نے فرمایا: ’’اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ کی قسم! خوف خدا کے سبب رونے سے بڑھ کر کوئی چیز ایسی نہیں جس کے ذریعے جنت حاصل کی جاسکے۔‘‘  (۱)
مومن و منافق:
(1829)…حضرتِ سیِّدُنا طلحہ بن صبیح عَلَـیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْبَدِیْع بیان کرتے ہیںکہ حضرت سیِّدُنا حسن بصری عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْقَوِی نے فرمایا: ’’مومن اس بات کا یقین رکھتا ہے کہ جیسا اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ نے فرمایا ہے ویساہی ہے اور مومن عمل کے اعتبار سے تمام لوگوں سے بہتر اور سب سے زیادہ خوفِ خدا رکھتا ہے۔ مومن اگر پہاڑ کے برابر بھی مال و دولت راہِ خدا میں خیرات کرے پھر بھی جب تک جنت کا (اپنی آنکھوں سے) مشاہدہ نہ کرلے تب تک بے خوف نہیں ہوتا۔ مومن کی راست روی، نیکی اور عبادت میں اضافہ بھی اس کے خوفِ خدا میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔ (ان تمام اعمال کے باوجود) وہ یہی کہتاہے کہ کیا میں نجات پاجاؤں گا؟ جبکہ منافق کہتاہے کہ (میرے چاہنے والے) بہت ہیں، میری مغفرت کردی جائے گی، مجھے کوئی پروا نہیں، لہٰذا وہ برے عمل کرتا اور اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ کی رحمت پر جھوٹی امید رکھتا ہے۔‘‘  (۲)
دنیا کے دھوکے سے بچو!
(1830)…حضرتِ سیِّدُنا مبارک بن فضالہ رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ بیان کرتے ہیں کہ حضرت سیِّدُنا حسن بصری عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْقَوِی جب بھی یہ آیت ِ مقدسہ تلاوت کرتے: فَلَا تَغُرَّنَّکُمُ الْحَیٰوۃُ الدُّنْیَا ٝ وَلَا یَغُرَّنَّکُمۡ بِاللہِ الْغَرُوۡرُ ﴿۵﴾  (پ۲۲، فاطر:۵)
ترجمۂ کنزالایمان: تو ہر گز تمہیں دھوکا نہ دے دنیا کی زندگی اور ہر گز تمہیں اللّٰہ کے حلم پر فریب نہ دے وہ بڑا فریبی۔
	تو فرماتے: ’’یہ کس کا ارشادہے ؟ یہ اس ذات باری تعالیٰ کا ارشاد ہے جس نے دنیا کو پیدا کیا اور وہی اس کے متعلق زیادہ بہتر جانتا ہے۔ ‘‘پھر فرماتے: ’’دنیاکی مشغولیت سے خود کو بچاؤ کیونکہ اس کی مصروفیات بہت زیادہ ہیں۔ بندہ خود پر مصروفیت کا ایک دروازہ کھولتا ہے قریب ہے کہ اس کے ضمن میں اس پر مزید 10دروازے کھل جائیں۔‘‘  (۳)
مـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــدینـــہ
1…الزہدلابن مبارک، باب ہوان الدنیا علی اللّٰہ عزوجل، الحدیث:۵۳۱، ص۱۸۷۔
2…الزہدلابن مبارک، باب ہوان الدنیا علی اللّٰہ عزوجل، الحدیث:۵۳۲، ص۱۸۸۔
3…الزہدلابن مبارک، باب ہوان الدنیا علی اللّٰہ عزوجل، الحدیث:۵۳۵، ص۱۸۹-۱۹۰۔