Brailvi Books

حِلْیَۃُ الْاَوْلِیَاء وَطَبَقَاتُ الْاَصْفِیَاء(جلد:2)ترجمہ بنام اللہ والوں کی باتیں
133 - 603
ٹھہرا رہا یہاں تک کہ تمام لوگ گھروں کو لوٹ گئے سوائے میرے اور حضورصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے۔ اسی دوران ایک سیاہ فام شخص معمولی کپڑے کا تہبند باندھے، پیونددار چادر لپیٹے حاضر ہوا اس سے مشک کی خوشبوآرہی تھی۔ وہ اپنا ہاتھ آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے دست اقدس میں رکھ کر عرض گزار ہوا: ’’یارَسُوْلَ اللّٰہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم! میرے لئے دعاکیجئے!‘‘ آپ نے اس کے لئے شہادت کی دعا فرمائی۔ حضرت سیِّدُنا ابوہریرہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ فرماتے ہیں:میں نے عرض کی: ’’یارَسُوْلَ اللّٰہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم! کیایہی وہ جنتی شخص ہے؟‘‘ ارشاد فرمایا: ’’ہاں! یہ بنی فلاں کا غلام ہے۔‘‘ میں نے عرض کی: ’’یارَسُوْلَ اللّٰہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم! آپ اسے خرید کر آزاد کیوں نہیں فرما دیتے؟‘‘ ارشاد فرمایا: ’’میں یہ کیسے کر سکتاہوں جبکہ اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ اسے جنت کا بادشاہ بنانا چاہتا ہے۔ اے ابوہریرہ! جنتیوں کے کچھ بادشاہ اور سردار ہوں گے اور یہ سیاہ فام شخص جنتی بادشاہوں اور سرداروں میں سے ہوگا۔ اے ابوہریرہ! بے شک اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ اپنی مخلوق میں سے مخلص، پوشیدہ رہنے والے نیکوکار، پراگندہ سر، غبار آلود چہرے اور صرف حلال کمائی کھانے والے بندوں سے محبت فرماتا ہے۔ یہ وہ لوگ ہیں کہ جنہیں امرا کے پاس آنے کی اجازت نہیں ملتی۔ اگر نازونعم میں پرورش پانے والی عورت کو نکاح کا پیغام دیں تو ان سے نکاح نہ کیاجائے۔ اگر غائب ہوں تو انہیں ڈھونڈا نہ جائے، موجود ہوں تو ان کی آؤ بھگت نہ کی جائے۔ اگر کسی مجلس میں حاضر ہوں تو ان کی آمد پر خوشی نہ منائی جائے۔ بیمار ہوجائیں تو ان کی عیادت نہیں کی جاتی اور اگر وصال فرماجائیں تو کوئی (ان کے جنازے میں) شرکت نہیں کرتا۔‘‘
	عرض کی گئی: ’’یارَسُوْلَ اللّٰہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم! ان صفات کا حامل کوئی شخص مل سکتاہے۔‘‘ ارشادفرمایا: ’’اویس قرنی انہیں میں سے ہے۔‘‘ عرض کی: ’’اویس قرنی کی کچھ علامات بیان فرما دیجئے!‘‘ ارشادفرمایا: ’’اس کی آنکھیں سرخی مائل، بال سرخ و سفید، کشادہ کاندھے، درمیانہ قد، گندم گوں رنگ والا، ٹھوڑی کو سینے کی طرف جھکانے والا، نگاہیں پست رکھنے والا، دائیں کو بائیں پر ترجیح دینے والا، بکثرت تلاوت قرآن کرکے آنسو بہانے والا، پھٹی پرانی چادروں والاکہ جس کی کوئی پرواہ نہیں کی جاتی، اون کا تہبند اور چادر لپیٹے ہوگا، اہل زمین میں غیر معروف لیکن اہل آسمان میں مشہور و معروف ہوگا۔ اگر کسی معاملے میں اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ پر قسم کھالے تو اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ اس کی قسم کو ضرور پورا فرمادے۔ سنو! اس کے بائیں کاندھے کے نیچے برص کا داغ ہوگا۔ آگاہ ہوجاؤ! بروزِ قیامت بندوں سے کہا جائے گا