Brailvi Books

فیضان امام اہل سنت صفرالمظفر1440نومبر2018
62 - 70
آپ کے سوالات کے جوابات
اٹیچ باتھ میں وضو کی دعا  وغیرہ پڑھنا کیسا؟
سوال:کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیانِ شرع متین اس مسئلے کے بارے میں کہ آج کل گھروں میں اٹیچ باتھ ہوتے ہیں اور اسی میں لوگ وضو بھی کرتے ہیں تو سوال یہ ہے کہ وضو سے پہلے ایسے اٹیچ باتھ میں بسم اللہ شریف نیز دوران وضو دعائیں ووظائف پڑھ سکتے ہیں کہ نہیں؟
(سائل:محمد عرفان عطاری)
بِسْمِ اﷲالرَّحْمٰنِِ ا لرَّحِیْمِ
اَلْجَوابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
عمومی طور پر ایسے باتھ روم اور ٹوائلٹ کے درمیان کوئی دیوار یا بڑا دروازہ وغیرہ اس انداز میں نہیں لگا ہوتا کہ جس کے سبب دونوں مقام الگ الگ شمار ہوں لہذا ایسے اٹیچ باتھ میں وضو کرنے سے پہلے بسم اللہ شریف یا دوران وضو پڑھی جانے والی دعائیں، وظائف نہیں پڑھ سکتے۔ اور اگر اٹیچ باتھ   اس انداز سے بنا ہوا ہو کہ ٹوائلٹ اور باتھ روم کے درمیان کوئی دیوار، دروازہ، یا پھر لوہے یا لکڑی کی چادر، شیٹ لگا دی جائے کہ ٹوائلٹ اور باتھ روم جداجد ا حیثیت اختیار کر جائیں تو اب باتھ روم میں وضو کرتے ہوئے ذکر و وظائف اور دعائیں پڑھ سکتے ہیں کہ اب یہ موضعِ نجاست نہیں۔
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم
مُجِیْب		مُصَدِّق
ابو حذیفہشفیق رضاعطاری مدنی		ابوالصالح محمد قاسم القادری
رخصتی میں تاخیر کرنا کیسا؟
سوال:کیافرماتے ہیں علمائے کرام اس بارے میں کہ ابھی صرف نکاح ہوا اور رخصتی آٹھ نو مہینوں بعد یا ایک دو سال کے بعد ہو۔ تو کیا شرعی طور پر رخصتی میں تاخیر کرنا صحیح ہے؟
(سائل:شاہ محمد)
بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
فریقین میں باہمی رضامندی سےاگریہ طے ہوکہ ابھی فقط نکاح کیا جارہا ہے، رخصتی بعد میں طے شدہ وقت پر کی جائے گی تو مصلحتاً رخصتی میں تاخیر کرنے میں شرعاً کوئی حرج نہیں ہے۔ نکاح کے بعدکسی بھی ایک فریق کو بے جاضد نہیں کرنی چاہئےاگر وقت سے پہلے رخصتی کا ارادہ ہو تو باہم رضا مندی اور خوش اسلوبی سے معاملے کو حل کرلینا چاہئے۔
مصلحتاً رخصتی میں تاخیرکا جواز بخاری شریف و دیگر کتب میں موجود حدیث شریف سے ثابت ہے کہ سرکارِ دو جہاں صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا حضرتِ سیّدتنا عائشہ صدیقہ طیّبہ طاہرہ رضی اللہ تعالٰی عنہا کے ساتھ ہجرت سے قبل مکۂ مکرمہ میں فقط نکاح ہوا تھا اور رخصتی تین سال کے بعدمدینۂ منورہ میں ہوئی تھی ۔
وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم
مُجِیْب				مُصَدِّق
ابوالحسن جمیل احمد عطاری مدنی 			عبدہ المذنبفضیل رضا عطاری عفا عنہ الباری