Brailvi Books

فیضان امام اہل سنت صفرالمظفر1440نومبر2018
51 - 70
سب سے پہلے
(محمد رفیق عطاری مدنی(1))
میں وصیت کرتا ہوں کہ دعوتِ اسلامی کی’’ مرکزی مجلسِ شوریٰ‘‘  جب تک شریعت کے خلاف حکم نہ دے اس کی اطاعت کرتے رہیں، اطاعت کرتے رہیں، اطاعت کرتے رہیں اور بس ان کے ماتحت رہ کر مدنی کاموں کی دھوم مچاتے رہیں، دونوں جہاں میں بیڑا پار ہوگا۔ اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ  وَجَلَّ
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                    صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد
سب سے پہلے دینِ اسلام قبول کرکے شرفِ صحابیّت کس نے حاصل کیا اس بارے میں مختلف روایات منقول ہیں۔ علمائے کرام رحمہم اللہ السَّلام نے ان روایات میں تطبیق بیان فرمائی ہے۔ آئیے وہ روایات مع تطبیق ملاحظہ کرتے ہیں۔
(1) اَوَّلُ مَنْ اَسْلَمَ اَبُو بَكْرٍ سب سے پہلے (امیرالمؤمنین حضرتِ سیّدُنا) ابوبکر صدّیق رضی اللہ تعالٰی عنہ اسلام لائے۔(مصنف ابن ابی شیبہ،ج 20،ص253، حدیث: 37738)
(2) اَوَّلُ مَنْ اَسْلَمَ مَعَ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عَلِيٌّ رضی اللہ عنہ رسولِ انور، شافعِ محشر صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر سب سے پہلے حضرتِ سیّدُنا علیُّ المرتضٰی شیرِخدا کَرَّمَ اللہ تعالٰی وجہَہُ الکریم ایمان لائے۔(مسنداحمد،ج7،ص78،حدیث:19301)
(3) اِنَّ اَوَّلَ مَنْ اَسْلَمَ مِنْ هَذِهِ الْاُمَّةِ بِرَسُولِ اللَّهِ خَدِيجَةُ تاجدارِ رسالت، شہنشاہِ ختمِ نُبوت صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر اس اُمّت میں سب سے پہلے ایمان لانے والی اُمُّ المؤمنین حضرت سَیِّدَتُنا خدیجہ رضی اللہ تعالٰی عنھا ہیں۔(فضائل الصحابۃللامام احمد،ج1،ص226، رقم:268مختصراً)
(4) اَوَّلُ مَنْ اَسْلَمَ زَيْدُ بْنُ حَارِثَةَ حضرتِ سیّدُنا زید بن حارثہ رضی اللہ تعالٰی عنہ نے سب سے پہلےاسلام قبول فرمایا۔(معجم کبیر،ج5،ص84،حدیث:4653)
(5) كَانَ بِلَالٌ اَوَّلَ مَنْ اَسْلَمَ حضرتِ سیّدُنا بلال رضی اللہ تعالٰی عنہ نے سب سے پہلے اسلام قبول فرمایا تھا۔(دليل الفالحين،جز6،ج3،ص581مختصراً)
مذکورہ روایات میں تطبیق
شيخُ الاسلام حضرتِ ابنِ صلاح عثمان شافعی علیہ رحمۃ اللہ الکَافی ان روایات میں تطبیق دیتے ہوئے فرماتے ہیں:آزاد مَردوں میں سب سے پہلے حضرت سیّدُنا ابو بکر صدیق رضی اللہ تعالٰی عنہ نے، بچوں یا نو عمروں میں مولیٰ علی شیرِخدا کَرَّمَ اللہ تعالٰی وجہَہُ الکریم نے، عورتوں میں اُمُّ المؤمنین حضرتِ سیّدَتُنا خدیجۃُ الکبریٰ رضی اللہ تعالٰی عنہا نے، آزاد کردہ غلاموں میں حضرتِ سیّدُنا زید بن حارثہ رضی اللہ تعالٰی عنہ نے اور غلاموں میں حضرتِ سیّدُنا بلال حبشی رضی اللہ تعالٰی عنہ نے اسلام قبول کیا۔(مقدمۃ ابن الصلاح، ص300)



________________________________
1 - ماہنامہ فیضان مدینہ ،باب المدینہ کراچی