عرشِ حق ہے مسندِ رفعت رسول اللہ کی
عرشِ حق ہے مسندِ رفعت رسول اللہ کی
دیکھنی ہے حشر میں عزت رسول اللہ کی
قبر میں لہرائیں گے تا حشر چشمے نور کے
جلوہ فرما ہوگی جب طلعت رسول اللہ کی
لَا وَ رَبِّ الْعَرْش(1) جس کو جو ملا ان سے ملا
بٹتی ہے کونین میں نعمت رسول اللہ کی
ہم بھکاری وہ کریم ان کا خدا ان سے فُزوں
اور نا کہنا نہیں عادت رسول اللہ کی
اہلِ سنت کا ہے بیڑا پار اصحابِ حضور
نجم ہیں اور ناؤ ہے عترت رسول اللہ کی
خاک ہوکر عشق میں آرام سے سونا ملا
جان کی اِکسیر ہے الفت رسول اللہ کی
اے رضاؔ خود صاحبِ قراٰں ہے مَدَّاحِ حضور
تجھ سے کب ممکن ہے پھر مدحت رسول اللہ کی
حدائق بخشش،152
از امامِ اہلِ سنّت امام احمد رضا خان عَلَیْہِ رَحمَۃُ الرَّحْمٰن
________________________________
1 - عرش کے رب کی قسم