Brailvi Books

فیضان امام اہل سنت صفرالمظفر1440نومبر2018
42 - 70
 (7) حضرت حافظ سید حاجی وارث علی شاہ
بانیِ سلسلہ وارثیہ، سرکار وارث پاک حضرت حافظ سید حاجی وارث علی شاہ رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ کی ولادت 1238ھ کو دیوہ شریف ضلع بارہ بنکی (یوپی، ہند) میں ہوئی اور وصال یکم صفر  1323ھ کو فرمایا، مزار دیوہ شریف میں مرجعِ خاص و عام ہے۔ (آفتابِ ولایت، ص46،170)
 علمائے اسلام رحمہم اللہ السَّلام:
 (8) محمد بن علی حکیم  ترمذی شافعی:
حضرت امام حافظ  محمد بن علی حکیم  ترمذی شافعی علیہ رحمۃ اللہ القَوی کی ولادت ترمذ (صوبہ سرخان دریا) ازبکستان میں ہوئی اوروصال 21صفر 285ھ کو فرمایا۔آپ محدث، واعظ، فقیہ، صوفی، عارف، سلسلہ شاذلیہ کے شیخ اور مؤلف تصانیف کثیرہ تھے۔ 64کتب میں سے نَوَادِرُالْاُصُوْل فِیْ مَعْرِفَۃِ اَحَادِیْثِ الرَّسُوْل مشہور ہے۔(نوادرالاصول،ج 1،ص13تا36 ، وفیات الاخیار، ص82 )
 (9) حافظ زین الدین محمد عبدالرؤف مناوی شافعی :
عالمِ کبیرحضرت حافظ زین الدین محمد عبدالرؤف مناوی شافعی علیہ رحمۃ اللہ القَوی کی ولادت 952ھ قاہرہ مصر میں ہوئی اور23 صفر1031ھ کویہیں وصال فرمایا ، مزارخانقاہ قسم مبارک (شارع باب البحر قاہرہ) میں ہے۔آپ محدث، استاذالعلماء، شارح کتب احادیث، جامع علوم و معارف اور صوفی کامل ہیں۔ 80 کتب میں فَيْضُ الْقَدِيْر بِشَرْحِ الْجَامعِ الصَّغِيْر اہم ترین تصنیف ہے۔(معجم المؤلفین،ج 2،ص143،  الاعلام للزركلی،ج6،ص204)
 (10) محمدفضلِ حق خیر آبادی چشتی:
قائدِ  جنگِ آزادی حضرت علامہ محمدفضلِ حق خیر آبادی چشتی علیہ رحمۃ اللہ القَوی کی ولادت 1212ھ خیرآباد،ضلع سیتا پور (یوپی،ہند) میں ہوئی اور وصال 12صفر 1278ھ کو جزیرہ انڈمان میں ہوا۔ مزار یہیں ساؤتھ پوائنٹ پورٹ بلیرمیں ہے۔ آپ علوم عقیلہ و نقلیہ کے ماہر، منطق و حکمت میں ایک معتبر نام، استاذالعلماء، سلسلہ خیرآبادیہ کے چشم و چراغ، لکھنؤ کے قاضی القضاۃ (چیف جسٹس) اردو و عربی کے شاعر، کئی کتب کے مصنف اور مؤثر ترین شخصیت کے مالک تھے۔ (ماہنامہ جامِ نور دہلی، اکتوبر 2011ء)
 (11)   شاہ احمدحسن محدث کانپوری چشتی:
استاذالعلماء، امامِ معقولات و منقولات حضرت مولانا    شاہ احمدحسن محدث کانپوری چشتی علیہ رحمۃ اللہ القَوی کی ولادت 1296ھ میں پٹیالہ (مشرقی پنجاب) ہند میں ہوئی اور وصال 3صفر  1322ھ  کو کانپور (یوپی) ہند میں فرمایا، آپ کا مزار پرانوار یہیں بساطیوں والے قبرستان نزد پنجابی محلہ میں ہے۔ آپ جید عالم، مدرس، مصنف، شارحِ کتب، دوستِ اعلیٰ حضرت اور اکابرینِ اہلِ سنّت سے تھے۔ تصانیف میں رسالہ تَنْزِیْہُ الرَّحْمٰن کو شہرت حاصل ہوئی۔ (تذکرہ محدث سورتی، ص298تا301، کانپور نزدیک سے دور تک، ص25،30)
 (12) علامہ غلام رشید  ارشد القادری مصباحی :
رئیس القلم، ملک التحریر حضرت علامہ غلام رشید  ارشد القادری مصباحی علیہ رحمۃ اللہ الوَالی کی ولادت 1343ھ میں سید پور (ضلع بَلیا یوپی ہند) میں ہوئی اور 15صفر 1423ھ کو وصال فرمایا، مزار دارالعلوم فیض العلوم جمشید پور(جھار کھنڈ، ہند) میں ہے۔ آپ مریدِصدر الشریعہ، شاگردِ حافظِ ملت، خلیفۂ مفتیِ اعظم ہند، استاذ العلماء، مناظرِ اہل سنت، مفکرِ اسلام،  ملک و بیرونِ ملک کئی تنظیمات و مدارس کے بانی، مصنفِ کتب اور اکابر علمائے اہل سنت سے تھے۔(رئیس القلم علامہ ارشد القادری، ص1تا36،سیرتِ صدرالشریعہ، ص251)
 (13) غلام علی اوکاڑوی رضوی :
حضرت علامہ مولانا غلام علی اوکاڑوی رضوی اشرفی علیہ رحمۃ اللہ الوَلی کی ولادت 1338ھ گجرات (پنجاب) پاکستان میں ہوئی اور وصال 11صفر 1421ھ کو فرمایا۔ مزار آپ کے قائم کردہ جامعہ حنفیہ اشرف المدارس اوکاڑہ میں ہے۔ آپ تلمیذ و خلیفہ شاہ ابوالبرکات رضوی، استاذالعلماء، کئی رسائل کے مصنف اور اکابرینِ اہل سنت سے ہیں۔(اشرف الرسائل فی تحقیق المسائل، ص6،27، انوارِ قطبِ مدینہ، ص263)