Brailvi Books

فیضان امام اہل سنت صفرالمظفر1440نومبر2018
31 - 70
دالیں اور مسالا جات کیسے محفوظ کریں؟
(اُمِّ نور)
دیہی علاقوں میں جب  چاول اور گندم وغیرہ  کی فصل کٹتی ہے توگھریلواستعمال کےلئے کئی مہینوں  تک اسے اسٹور کیا جاتاہے، اسی طرح شہروں میں بھی دالیں، چاول اور دیگر مسالا جات وغیرہ ہفتے ، 15دن یا مہینے بھر کے لئے ایک ہی بار خرید لئے جاتے ہیں اوّلاً تو چاہئے کہ صرف ضرورت کے مطابق ہی خریداری کی جائے  ثانیاً یہ کہ ان کی حفاظت کی جائے،  کیونکہ ایسی صورت میں اگرحفاظتی تدابیراختیارنہ کی جائیں تو خراب ہونےاور  سُرسُری  وغیرہ لگنے کا قوی اندیشہ ہوتا ہے، گندم، چاول، دالیں اوردیگراس طرح کے راشن میں  اگر سُرسُری  وغیرہ لگ بھی جائے تو اسے ضائع نہ کریں بلکہ مناسب دھوپ لگوا کر صاف کرکے استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔ یہاں انہیں خراب ہونے اور  سُرسُری  وغیرہ پڑنے سے محفوظ رکھنے کے لئے چند گھریلو طریقے پیش کئے جاتے ہیں:
٭آٹے، چاول،دالوں، بیسن  اور میدے وغیر ہ  کو جلد کیڑا لگ جاتا ہے یہ مسئلہ برسات  کے موسم میں  زیادہ ہوتا ہے، اس لئے ان کے ڈبے اور پیکٹ وغیرہ اچھی طرح بند کرکے رکھیں اور  ان میں چند تیز پات( Bay - leaf)یا نیم کے پتے رکھ دئیے جائیں تو  اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ  وَجَلَّ  کیڑا نہیں لگے گا۔ ٭ہلدی،مرچ اور دیگر مسالے وغیرہ جن ڈبوں میں رکھتے ہیں انہیں ہر دو ماہ بعد ضرور صاف کرلیں، بہتر ہے کہ دھو کر اچھی طرح سکھا لیں اور کپڑے سے صاف کرکے مسالے ڈالیں۔ ٭دالیں، چنے، سوجی اور بیسن وغیرہ کے پیکٹ  فریزر میں بھی محفوظ کئے جاسکتے ہیں، جتنی ضرورت ہو نکال لیجیے البتہ یہ خیال رہے کہ  فریزر سے نکال کر زیادہ دیر تک باہر نہ رکھیں کیوں کہ نمی کی وجہ سے خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔ ٭جو دالیں وغیرہ فریزر سے باہر محفوظ کریں انہیں بھی نمی و پانی سے بچا کر رکھیں۔ ٭دالیں پکانے سے پہلے پانی میں بھگو  کر رکھی جاتی ہیں، بعض تو رات ہی کو بھگو دیتے ہیں تاکہ صبح تک نرم ہوجائیں، موسم کے لحاظ سے پانی کا تبدیل کرنا ضروری ہے، گرمیوں میں 4سے5گھنٹے جبکہ سردیوں میں 10سے 11گھنٹے کے اندر پانی لازمی تبدیل کردیں وگرنہ خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔ ٭چاولوں کو  نمک اور ہلدی مل دی جائے  یا بورک ایسڈ پاؤڈر (Boric acid powder) ملا دیا جائے تو اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ  وَجَلَّ خراب نہیں ہوں گے۔ ٭سوجی کو ہلکا سا بھون کر رکھ لیں تو اس میں کیڑے نہیں پڑتے۔ ٭چینی کے ڈبہ میں چار پانچ لونگ ڈال دیں تو اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ  وَجَلَّ  چیونٹیوں سے بچاؤ رہے گا۔ ٭مسالوں میں گیلا چمچہ مت ڈالیں۔ ٭کچن کی الماریاں ہر ماہ صاف کرکے کیوپیکس پاؤڈر جو کہ کیڑے وغیرہ مارنے کے لئے ہوتا ہے چھڑک دیں اور اس کے اوپر  خاکی کاغذ بچھادیں یا  ایک اسپرے بوتل میں سرکہ ڈال کر الماری میں اسپرے کریں، چوبیس گھنٹے بعد خشک کپڑے سے اچھی طرح صاف کرکے سامان رکھ دیں،مسالا جات اور دالیں چیک کرلیں کہ اُن میں کیڑانہ  لگا ہو اِس کے علاوہ کیبنٹ میں چند تیز پات ضرور رکھیں اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ  وَجَلَّالماری کیڑوں سے محفوظ رہے گی۔٭کوشش کریں کہ معیاری مسالا جات خریدیں  جن مسالوں میں ملاوٹ ہوتی ہے وہ جلدی خراب ہو جاتے ہیں۔ 
اللہ کریم ہمیں اپنی ان نعمتوں کی حفاظت کی توفیق بخشے  اور ان سے بڑھ کر اپنے ایمان کی حفاظت کی فکر عطا فرمائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم