Brailvi Books

فیضان امام اہل سنت صفرالمظفر1440نومبر2018
22 - 70
مدنی پھولوں کا گلدستہ
(بُزُرگانِ دین رَحِمَہُمُ اللہُ الْمُبِیْن، اعلیٰ حضرت رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِ  اور امیرِ اہلسنّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہ)
باتوں سے خوشبو آئے
دشمن  کو  معاف کردو
(1)ارشادِ حضرت سیّدنا علیُّ المرتضیٰ کَرَّمَ اللہ تعالٰی وجہَہُ الکریم: جب تم اپنے دشمن سے بدلہ لینے پر قادر ہوجاؤ تو اسکے شکرانے میں اسے معاف کر دو۔(الکواکب الدریۃ، قسم اول،ج 1،ص102)
ان میں سے نہ ہونا
(2)ارشادِ حضرت سیّدنا علیُّ المرتضیٰ کَرَّمَ اللہ تعالٰی وجہَہُ الکریم: ان لوگوں میں سے مت ہونا جنہیں نصیحت اسی وقت فائدہ دیتی ہے جب ملامت میں مبالغہ کیا جائے۔(المستطرف،ج1،ص139)
لالچ کی چمک
(3)ارشادِ حضرت سیّدنا علیُّ المرتضیٰ کَرَّمَ اللہ تعالٰی وجہَہُ الکریم: لالچ کی چمک دیکھ کر عقل اکثر مار کھا جاتی ہے۔(المستطرف،ج 1،ص128)
تجربات سے فائدہ اٹھانے کی اہمیت
(4) ارشادِحضرت سیّدنا امیر معاویہ رضی اللہ تعالٰی عنہ:جو آدمی تجربات سے فائدہ نہ اٹھائے وہ بلند مقام حاصل نہیں کر سکتا۔ (احیاء العلوم،ج3،ص230)
بات کرنا دوا کی طرح ہے
(5) ارشادِ حضرت سیّدنا عَمْرو بن عاص رضی اللہ تعالٰی عنہ:بات کرنا دوا کی طرح ہے، تھوڑی مقدار میں ہو توفائدہ  مند  ہوگا اور اگر زیادہ ہو تو نقصان دہ ثابت ہوگا۔(حسن السمت فی الصمت، ص100)
بری صحبت  کی نحوست
(6) ارشادِ حضرت سیّدنا ابوبکر شبلی علیہ رحمۃ اللہ الوَلی: بُرے لوگوں کی صحبت  کی نحوست سے نیک بندوں کے بارے میں بدگمانی پیدا ہوتی ہے۔(الکواکب الدریۃ،ج2،ص86)
حسنِ اخلاق کی تعریف
(7) ارشادِحضرت سیّدنا عبداللہبن مبارک رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ: خندہ پیشانی سے ملاقات کرنے، خوب بھلائی کرنے اور کسی کو تکلیف نہ دینے کا نام حسنِ اخلاق ہے۔ ( ترمذی،ج 3،ص404)
سب سے افضل شخص
(8) ارشادِ حضرت سیّدنا معاویہ بن قُرّہ رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ: اللہ پاک کے نزدیک لوگوں میں سب سے افضل وہ شخص ہے جس کاسینہ کینےسےپاک ہواوروہ غیبت سےبچتاہو۔(المستطرف، ج1،ص148)
احمد رضا کا تازہ گُلستاں ہے آج بھی
کب کس مضمون  کی آیات و احادیث پڑھی سنی جائیں؟
(1) جب تک زیست (یعنی زندگی) ہے (مسلمان کو چاہئے کہ) آیات و احادیثِ خوف کے ترجمے اکثر سُنا اور دیکھا کرے اور جب وقت برابر (یعنی موت کا وقت)آجائے،(دوسرے لوگ) اُسے آیات واحادیثِ رحمت مع ترجمہ سُنائیں کہ جانے کہ کس کے پاس جارہا ہوں تاکہ اپنے رب کے ساتھ نیک گمان کرتا اُٹھے۔(فتاویٰ رضویہ،ج 9،ص82)
عالمِ دین کی اہمیت
(2) عالمِ دین کو،جس کے علم کی طرف یہاں (یعنی اس کے شہر) کے لوگوں کو حاجت ہے اُسے  ہجرت ناجائز ہے، ہجرت درکنار (عُلَما) اُسےسفرِ طویل  کی اجازت نہیں دیتے۔(فتاویٰ رضویہ، ج21،ص282)
شیطان کس سے قریب ہے؟
(3) جو شیطان کو دور سمجھتا ہے شیطان اس سے بہت قریب ہے۔(فتاویٰ رضویہ،ج23،ص686)
حقوق العباد کی ایک احتیاط
(4) جب وقت لوگوں کی نیند کا ہو یا کچھ نماز پڑھ رہے ہوں تو ذکر کرو جس طرح(چاہو)مگر نہ اتنی آواز سے کہ ان کو ایذا (تکلیف) ہو۔(فتاویٰ رضویہ،ج23،ص179)