Brailvi Books

فیضان امام اہل سنت صفرالمظفر1440نومبر2018
19 - 70
جانوروں کی سبق آموز کہانیاں
نادان کی دوستی
(شاہ زیب عطاری مدنی(1))
ایک اژدہا اپنی بھوک مٹانے کے لئے شکار کرنے نکل پڑا۔ اسے ایک بندر نظر آیا جسے اُس نے موقع پاکر پکڑ لیا۔ بندر نے موت کو سامنے دیکھ کر شور مچانا شروع کر دیا۔قریب ہی کھیتوں میں ایک کسان نے بندر کی آواز سنی تو اس جانب بھاگتا ہوا آیا۔ کسان نے جب بندر کو اس حال میں دیکھا تو ترس کھاکر بڑی مشکل سے اُسے اژدہے سے بچالیا۔ بندر اس احسان کے بدلے میں کسان  کا فرمانبردار ہوگیا اور وفادار دوست کی طرح اس کے ساتھ رہنے لگا اور کام کاج میں اس کی مدد کرنے لگا۔ کسان آرام کرتا تو بندر اس کی حفاظت کرتا اور مکھیاں وغیرہ دور کرتا۔ گاؤں کے ایک سمجھدار شخص نے کسان سے کہا: میاں سنو! بندر سے دوستی اچھی نہیں، وہ ایک بےعقل جانور ہے، تمہیں نقصان پہنچا سکتا ہے۔ کسان نے جواب دیا: آپ اپنی نصیحت اپنے پاس رکھیں، مجھے اس بندر پر اعتماد ہے۔ دن گزرتے گئے اور بندر کسان کی خدمت کرتا رہا۔ ایک دن کسان سو رہا تھا اور بندر اس پر بیٹھنے والی مکھیاں اُڑا رہا تھا، لیکن ایک مکھی بار بار اس کے منہ پر آکر  بیٹھ جاتی تھی۔ بندر اسے اُڑاتا وہ پھر آبیٹھتی جب کئی مرتبہ ایسا ہوگیا تو بندر بڑا تنگ ہوا اور غصہ میں آکر ایک پتھر اُٹھایا اور زور سے اس مکھی پر دے مارا۔ مکھی تو اُڑ گئی مگر  کسان پتھر لگنے سے شدید زخمی ہوگیا، اب اسے گاؤں کے اسی شخص کی نصیحت یادآئی اور اس نے بندر کو اپنے پاس سے بھگا دیا۔
پیارے پیارے مدنی منو اور مدنی منیو!(1)کوئی مصیبت  میں نظر آئے تو ہمیں ضرور اس کی مدد کرنی چاہئے۔ (2)بیوقوف  کی دوستی دشمن کی دشمنی سے بھی زیادہ نقصان دہ ہوتی ہے۔ (3)بیوقوف شخص اچھے کام کو بھی خراب کردیتا ہے۔ (4)بڑوں کی  بات ماننے میں  بہت فائدے ہوتے ہیں ۔ 



________________________________
1 - مدرس جامعۃ المدینہ کنز الایمان باب المدینہ کراچی