حَرَم کے درخت کی مسواک بنانا کیسا؟
سوال:کیا حَرَم کے درخت کی مسواک بنا سکتے ہیں؟
جواب:نہیں بناسکتے، بہارِ شریعت میں ہے:حَرَم کے پیلو یا کسی درخت کی مسواک بنانا جائز نہیں۔(بہارِ شریعت،ج 1،ص1190)
وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد
پھل یا سبزی کاٹتے وقت درودِ پاک وغیرہ پڑھنا کیسا؟
سوال:پھل یا سبزی کاٹتے وقت درودِ پاک وغیرہ پڑھ سکتے ہیں یا نہیں؟
جواب:پڑھ سکتے ہیں، البتہ بِسْمِ اللّٰہ پڑھ کر کاٹنا شروع کیجئے اور پھر درودِ پاک وغیرہ پڑھتے رہئے۔
وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد
جمعہ کے دن کپڑے دھونا کیسا؟
سوال:جمعہ کے دن کپڑے دھونے سے کیا تنگدستی آتی ہے؟
جواب:نہیں آتی۔ میں نے تنگدستی کے کافی اسباب پڑھے ہیں مگر جمعہ کے دن کپڑے دھونے سے گھر میں تنگدستی آنے کا کہیں پڑھا ہو، یہ یاد نہیں۔(1)
وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد
ماں باپ، بہن بھائی وغیرہ کی قسم کھانا کیسا؟
سوال:بعض لوگ ماں باپ، بہن بھائی وغیرہ کی قسم کھاتے ہیں اور دوسروں کو بھی اس طرح کی قسم کھانے کا کہتے ہیں، کیا اس طرح کہنے سے قسم ہوجائے گی؟
جواب:اللہ پاک کے سوا کسی اور کی مثلاً ماں باپ، بہن بھائی، یا تیرے سر کی قسم، تیری جان کی قسم کھانے سے قسم نہیں ہوتی۔ قسم اللہ کریم کے ناموں اور صفات کی ہوتی ہے، جیسے اللہ پاک کی قسم، رحمٰن کی قسم، خدا کی عِزَّت و جلال کی قسم۔(2)
وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد
اللہ پاک کو عرش کا مالک یا عرش والا کہنا کیسا ؟
سوال:اللہ پاک کو عرش کا مالک یا عرش والا کہنا کیسا ہے؟
جواب:جائز ہے کہ اللہ کریم عرش و فرش کا مالک بھی ہے اور عرش و فرش والا بھی ہے۔ البتہ یہ کہنا کہ اللہ عرش پر رہتا ہے یا عرش پر اللہ کا مکان ہے، کفر ہے۔ حضرت علَّامہ سعدُ الدِّین مسعودتَفْتازَانِی قُدِّسَ سِرُّہُ النُّوْرَانِی فرماتے ہیں:اللہ تَبَارَکَ وَتَعَالٰی مکان میں ہونے سے پاک ہے اور جب وہ مکان میں ہونے سے پاک ہے توجِہَت (یعنی سَمت) سے بھی پاک ہے، (اِسی طرح) اُوپر اور نِیچے ہونے سے بھی پاک ہے۔(شرح عقائد، ص132)اللہ پاک کے لئے مکان ثابت کرنا کُفر ہے(بحر الرائق،ج 5،ص203)۔(3)
وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد
________________________________
1 - تنگدستی کے اسباب جاننے کے لئے مکتبۃ المدینہ کا مطبوعہ رسالہ ”تنگدستی کے اسباب اور اُن کا حل“ پڑھئے۔
2 - قسم کے بارے میں اہم معلومات جاننے کے لئے مکتبۃ المدینہ کا مطبوعہ رسالہ ”قسم کے بارے میں مدنی پھول“ پڑھئے۔
3 - کُفریہ کلمات کے بارے میں اہم معلومات جاننے کے لئے مکتبۃ المدینہ کی مطبوعہ کتاب ”کفریہ کلمات کے بارے میں سوال جواب“ پڑھئے۔