اسلامی عقائد ومعلومات
عرش وکرسی
(محمد عدنان چشتی عطاری مدنی(1))
عقیدہ عرش ایک عظیم، بلند، نورانی مخلوق ہے ۔عرش و کرسی پر ایمان لانا واجب ہے۔(2) نورِ محمدی کے بعدعرش اللہ پاک کی پہلی تخلیق ہے۔(3)عرش کتنا بڑا ہےعرش تمام مخلوقات میں سب سے بڑا ہے۔ اللہ پاک نے اسے ساتویں آسمان کے اوپر قائم کیا ہوا ہے۔(4) عرش جنّت کے اوپر ہے نبیِ رحمت، شفیعِ امت صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا:جب اللہ کریم سے مانگو تو جَنَّۃُ الْفِردَوس مانگو کہ وہ اَوسط بہِشت اور اعلیٰ جنت ہے اور اس کے اوپر عرشِِرحمٰن ہے اور اسی سے جنّت کی نہریں جاری ہوتی ہیں۔ (5) یعنی جنّت کی چھت عرش ہے۔(6) عرش کس چیز سے بنا ہے؟اس بارے میں مختلف اقوال ہیں:(1) نور سے بنا ہے (2)سبز زَبَرْجَدْ سے بنا ہوا ہے، (3)سرخ یاقوت سے بنا ہے۔ امام ابراہیم باجوری رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ فرماتے ہیں: اس کی حقیقت کا قطعی علم نہیں ہے اس لئے اس بارے میں حَتَّمِی رائے قائم کرنے سے خاموش رہنا اَولیٰ (بہتر) ہے۔اس کی ہیئت(شکل وصورت) کے بارے میں تحقیق یہ ہے کہ عرش گول نہیں ہے بلکہ وہ گنبد نما ہے جوجنت کی چھت ہونے کے ساتھ تمام مخلوقات اور دنیا کے اوپر سایہ فِگن ہے، اس کے چار ستون ہیں۔(7) زمین و آسمان سے بھی پہلے حضرت سیّدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ تعالٰی عنہما فرماتے ہیں ہرمعمار پہلے دیواریں بناتا ہے پھر اُن پر چھت ڈالتا ہے لیکن اللہ پاک نے پہلے چھت بنائی پھر دیواریں کیونکہ اس نے ز مین وآسمان کو بنانے سے پہلے عرش بنایا پھر ہوا کو پیدا فرمایا اس کے پَر بنائے،ان پروں کی کثرت کو اللہ تعالی ہی جانتاہے۔پھر ہوا کو حکم دیا کہ وہ پانی کو اٹھائے، اللہ تعالی کا عرش پانی کے اوپر ہے جبکہ پانی ہوا پر ہے۔ اس کے بعد اللہ تعالیٰ نے عرش کو اٹھانے والے فرشتوں کو پیدا فرمایا۔ اللہ تعالیٰ کو عرش وکرسی کی حاجت نہیں بیشک وہ ان دونوں کے بنانے سے پہلے بھی تھا حالانکہ اس وقت مکان بھی نہ تھا۔(8) زمین و آسمان سے پہلے عرش کہاں تھا؟ہمارے پیارے نبی صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا:اللہ پاک نے زمین وآسمان پیدا کرنے سے پچاس ہزار (50,000)سال پہلے ہی مخلوق کی تقدیریں لکھ دی تھیں اس وقت اللہ کریم کا عرش پانی پر تھا۔(9) شرح حکیم الامت حضرت مفتی احمد یار خان نعیمی علیہ رحمۃ اللہ القَوی فرماتے ہیں: اس پانی سے مراد یہ سمندر کا پانی نہیں بلکہ عرشِ اعظم کے نیچے قدرتی پانی ہے جو ہوا پر ہے اور ہوا اللہ تعالیٰ کی قدرت پر۔اس فرمان کا یہ مطلب نہیں کہ عرش پانی پر رکھا ہوا تھا بلکہ مطلب یہ ہے کہ اس پانی اور عرش کے درمیان کوئی آڑ نہ تھی جیسے ہم کہیں کہ آسمان زمین پر ہے یعنی زمین کے اوپر ہے۔اس سے معلوم ہورہا ہے کہ عرش اور پانی سب سے پہلے پیدا ہوئے۔(10) حاملینِ عرش فرشتے عرش اٹھانے والے فرشتے ابھی چار ہیں اورجب قیامت قائم ہوگی تو اللہ پاک مزید چار فرشتوں سے ان کی مدد فرمائے گا چنانچہ قراٰنِ پاک میں ہے:( وَ یَحْمِلُ عَرْشَ رَبِّكَ فَوْقَهُمْ یَوْمَىٕذٍ ثَمٰنِیَةٌؕ(۱۷))(11)ترجمۂ کنزالایمان:اور اس دن تمہارے رب کا عرش اپنے اوپر آٹھ فرشتے اٹھائیں گے۔اس آیت کے تحت صدرالافاضل علامہ سید محمدنعیم الدین مراد آبادی علیہ رحمۃ اللہ الھادی فرماتے ہیں: حدیث شریف میں ہے کہ حاملینِ عرش آج کل چار ہیں روزِ قیامت ان کی تائید کے لئے چار کا اور اضافہ کیا جائے گا آٹھ ہوجائیں گے۔ حضرت ابنِ عباس رضی اللہ تعالٰی عنہما سے مروی ہے کہ اس سے ملائکہ کی آٹھ صفیں مراد ہیں جن کی تعداد اللہ تعالیٰ ہی جانے۔ (12) عرش سے معلق تین چیزیں ہمارے پیارےمصطفےٰ کریمصلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا :تین چیزیں عرش سے لٹکی ہوئی ہیں: (1)رشتہ داری، یہ کہتی ہے: یااللہ! میں تیری وجہ ہی سے ہوں لہذا مجھے نہ توڑا جائے(2)امانت، یہ کہتی ہے:یااللہ! میں تیری وجہ سے ہی ہوں لہذا مجھ میں خيانت نہ کی جائےاور (3)نعمت کہتی ہے: يا الٰہی! میں تیری طرف سے ہوں
________________________________
1 - رکن مجلس المدینۃالعلمیہ باب المدینہ کراچی
2 - تحفۃ المرید علی جوہرۃ التوحید، ص434
3 - شرح الصاوی علی جوہرۃ التوحید، ص390
4 - تفسیرکبیر، پ 12، ھود، تحت الآیۃ:6،ج 7،ص320
5 - بخاری،ج 4،ص547، حدیث: 7423
6 - شرح المقاصد،ج 3،ص361
7 - تحفۃ المرید علی جوہرۃ التوحید، ص434، شرح الصاوی علی جوہرۃ التوحید، ص390
8 - الانس الجلیل،ج 1،ص73، 74ملخصاً
9 - مسلم، ص 1094، حدیث:6748
10 - مراٰۃ المناجیح،ج 7،ص562
11 - پ29، الحاقۃ:17
12 - خزائن العرفان، ص 1050