Brailvi Books

فیضانِ مدینہربیع الاول ۱۴40ھ نومبر/دسمبر 2018ء
55 - 59
 میٹھاحضرت سیِّدَتُنا عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالٰی عنہافرماتی ہیں:كَانَ رَسُولُ اللَّهِ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم يُحِبُّ الحَلْوَاءَ وَالعَسَلَ یعنی رسولُ اللہ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ و اٰلہٖ و سلَّم میٹھا اور شہد پسند فرماتے تھے۔(بخاری،ج3،ص536،حدیث:5431)
 حکیم الامت مفتی احمد یار خان نعیمی علیہ رحمۃ اللہ القَوی مراٰۃ ُ المناجیح میں ارشاد فرماتے ہیں:ایک حدیث میں ہے مؤمن میٹھا ہوتا ہے اور  مٹھائی پسندکرتا ہے۔حلوے(الحلواء) میں ہر میٹھی چیز داخل ہے حتیٰ  کہ شربت اور میٹھے پھل اور عام مٹھائیاں اور عرفی حلوہ۔ مروّجہ حلوہ سب سے پہلے حضرت عثمان غنی  رضی اللہ تعالٰی عنہ نے بنایا (اور) حضورِ انور صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی خدمت میں پیش کیا جس میں آٹا گھی اور شہد تھا حضورِ انور نے بہت پسند کیا۔(مراٰۃ المناجیح،ج 6،ص19) 
گوشتآپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے اونٹ، بکری، دنبہ، بھیڑ، مرغ، خرگوش،  بٹیر اور مچھلی کا گوشت تناول فرمانا ثابت ہے لیکن ان میں سب سے زیادہ بکری کی دَستی کا  گوشت پسند تھا۔ (شمائلِ محمدیہ للترمذی ، ص 102 تا 112ماخوذاً)
حَیْسعرب میں ایک کھانا ہے جو گھی، پنیر اور کھجور ملا کر پکایا جاتا ہے آپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ و سلَّم اسے  بڑی رغبت کے ساتھ کھاتے تھے۔ (سنن کبرٰی للنسائی،ج 2،ص 114، حدیث:2631 )
سِرکہ حضور عالی وقار صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ و سلَّم نے سِرکہ نہ صرف  تناول فرمایا بلکہ اسے بہترین سالن قرار دیتے ہوتے فرمایا: سِرکہ کیا ہی  بہترین سالن ہے۔(کنز العمال،ج 15،ص124، حدیث: 41013) 
 تَلْبِیْنَہجَو، دودھ اور کھجور  سے تیار ہونے والی کھیر جیسی غذا ہے۔نبیِّ کریم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم اسے بھی  پسند فرماتے  اور بالخصوص مریض کو  بطورِ علاج  کھانے  کی ترغیب ارشاد فرماتے۔(1) 
مدنی پھولمذکورہ بالا تمام اشیائے خورد و نوش ہمارے پیارے آقا،مدینے والے مصطفےٰ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے استعمال  فرمائی ہیں لہٰذا انہیں استعمال کرتے وقت محبوب کی ادا کو ادا کرنے کی نیت بھی  کی جاسکتی ہے کہ جس چیز کو محبوب نے اپنا لیا اس کو اپنالینا بھی محبت کی اِک علامت ہے۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
٭…ماہنامہ فیضان مدینہ باب المدینہ کراچی



________________________________
1 -     تلبینہ بنانے اور اس کے طبی فوائد جاننے کے لئے ماہنامہ فیضانِ مدینہ شعبان المعظم 1439ھ  صفحہ 17 کا مطالعہ فرمائیے۔