Brailvi Books

فیضانِ مدینہربیع الاول ۱۴40ھ نومبر/دسمبر 2018ء
54 - 59
صحت و تندرستی
مدنی کلینک و روحانی علاج
پیارے آقا کی پیاری غذائیں
(محمد عمر فیاض عطاری مدنی)
مصطفےٰ جانِ رَحْمت،شمعِ بَزْمِ ہدایت، نوشۂِ بزمِ جنّت، تاجدارِ ختمِ نبوت صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے اپنی حیاتِ طیبہ میں جن غذاؤں کو شرفِ طَعام بخشا،ان کی فضیلت اور افادیت سے کوئی مسلمان انکار نہیں کر سکتا۔ آپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی استِعمال کردہ غذائیں جہاں لذت سے بھرپور  ہیں وہیں ان کے  طبی فوائد بھی بے شمار ہیں۔ غذائی ماہرین (Food Experts) ان غذاؤں کی جو خوبیاں اور فوائد آج بیان کر رہے ہیں، وہ رسولِ غیب داں صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم آج سے چودہ  سو سال پہلے ہی بیان فرما چکے ہیں۔آپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کی مقدّس زندَگی سادَگی اور صَبْر و قناعت کا مکمل نمونہ تھی۔ حضرتِ سیِّدُنا ابنِ عباس رضی اللہ تعالٰی عنہما فرماتے ہیں:شَہَنْشاہِ مدینہ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کئی  کئی راتیں مسلسل فاقہ فرماتے۔ (ترمذی،ج 4،ص160، حدیث: 2367) امُّ المؤمنین حضرتِ سیّدَتُنا عائشہ صدّیقہ رضی اللہ تعالٰی عنہا فرماتی ہیں:چالیس چالیس دن ایسے گزرجاتے کہ نبیِّ کریم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے کاشانہ ِٔ اقدس میں  نہ چراغ جلتااور نہ ہی چولہاجلتاتھا ۔پوچھا گیا:پھر آپ کس طر ح گزارہ کرتے تھے ؟ فرمایا:دو کالی چیزوں یعنی پانی اور کھجو ر پر۔(مسند طیالسی،ج 6،ص207، حدیث:1472) (بخاری ،ج4،ص236،حدیث:6458مفہوماً)
کبھی جو کی موٹی روٹی تو کبھی کھجور پانی		تیرا ایسا سادہ کھانا مدنی مدینے والے
کھانا تو دیکھو جو کی روٹی،بےچھنا آٹا، روٹی بھی موٹی		وہ بھی شکم بھر روز نہ کھانا،صلی اللہ علیہ وسلم
آپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم لذیذ اور پُر تکلف کھانوں کی خواہش نہیں فرماتے تھے  البتّہ  بعض کھانے آپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو بہت پسند تھے جن کو بڑی رغبت کے ساتھ تناول فرماتے تھے نبیِّ کریم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی چند مرغوب و محبوب غذاؤں کا مختَصَر  تذکرہ  پڑھئے:
سبزیاں
 کدّو شریف آنحضرت صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو کدّوشریف پسندتھا اور سالن میں سے کدّو کے قَتلے  (Pieces) چُن چُن کر تناول فرماتے۔آقا کی پسند اپنی پسند: حضرتِ سیّدنا اَنَس رضی اللہ تعالٰی عنہ کا بیان ہے  کہ میں پیارے آقا صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے ہمراہ ایک دعوت میں گیا تو صاحبِ خانہ نے جَو کی روٹی اور   کدّو گوشت کا سالن پیش کیا۔میں نے دیکھا کہ آپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم چُن چُن کر کدّو تناول فرما  رہے تھے لہٰذا اس دن سے میں بھی کدّوشوق سے کھانے لگا۔(1)  (بخاری،ج3،ص536، حدیث:5433مفہوماً) 
 ککڑی حضرت سیِّدُنا عبداللہ بن جعفر رضی اللہ تعالٰی  عنہما فرماتے ہیں: میں نے سرکارِ مدینہ منوّرہ، سردارِمکّۂ مکرّمہ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کوکھجور ککڑی کے ساتھ ملا کر کھاتے دیکھا۔ (مسلم، ص870،حدیث:5330)
(1):کدّو شریف کے طبّی فوائد(Medical Benefits) جاننے کیلئے ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ربیع الآخر1438ھ،جنوری  2017ء صفحہ 29 ملاحظہ فرمائیے۔
 کھجورسردارِ عرب و عجم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کھجور شوق سے تناول فرماتے تھے خاص طور پر عجوہ    کھجور  آپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو بہت پسند تھی۔(1)
انگور نبیِّ کریم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے انگور(Grapes) کھانا بھی ثابت ہے چنانچِہ  حضرتِ ابنِ عبّاس رضی اللہ تعالٰی عنہما  فرماتے ہیں: میں حضورِ اکرم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی زیارت کے لئے گیا تو دیکھا کہ آپ انگور تناول فرمارہے تھے۔ (معجم کبیر،ج12،ص115،حدیث:12727)
خربوزہحضرت سیّدنا انس رضی اللہ تعالٰی عنہ فرماتے ہیں: صاحبِ معراج صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم خربوزےکو تَر کھجوروں کے ساتھ تناول فرماتے اور ارشاد فرماتےکہ خربوزے کی ٹھنڈک کھجور کی گرمی کو ختم کردے گی۔(سبل الہدٰی و الرشاد،ج7،ص209) 
پیلو کا پھل حضرت سیّدناجابر بن عبداللہ رضی اللہ تعالٰی عنہما فرماتے ہیں:ہم پیارے آقا صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے ہمراہ چلتے ہوئے پیلو چُن رہے تھے،آپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا: جو پیلو کالے ہوچکے ہیں انہیں چُننا! کیونکہ یہ بہت لذیذ ہوتے ہیں۔ جب میں بکریاں چَراتا تھا تو اسے کھایا کرتا تھا۔(مسلم،ص873،حدیث:5349)
 تربوزنبیِ کریم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم تربوز شوق سے کھاتے تھے نیزآپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے انار اور شہتوت(Mulbery) بھی تناول فرمائے ہیں۔(مراۃ المناجیح،ج6،ص79)
ٹھنڈا پانیعمومًا ٹھنڈا میٹھا پانی پسند فرماتے تھے،دودھ کی لسی بھی پسندتھی مگر وہ کبھی کبھی نوش فرماتے تھے۔(مراۃ المناجیح،ج6،ص79)(لیکن یاد رہے!وہ ٹھندا پانی آج کل کے برف ملے یا فریج کے  پانی کی طرح نہیں ہوتا تھا)۔
دودھآپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کبھی خالص دودھ اور کبھی دودھ میں پانی ملا کر نوش فرماتے اور  کبھی کشمش اور کھجور پانی میں ملا کر اس کا رَس نوش فرماتے۔(سیرت مصطفیٰ، ص586)
 نَبیذکھجور،کشمش،جَو، چھوہاروں ، گیہوں یا چاول وغیرہ سے تیار کیا ہوا مشروب نبیذ کہلاتا ہے۔تاجدارِ رسالت صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ و سلَّم کھجور اور کشمش کی نبیذ شوق سے نوش فرماتے تھے۔حضرت سیّدَتُنا عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالٰی عنہا فرماتی ہیں ہم حضورِانور صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے لئے ایک مشکیزے میں  مٹھی بَھر کھجور اور کشمش ڈال کر نبیذ تیار کرتے۔ اگر ہم رات میں نبیذ بناتے تو حضورِ اکرم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم  دن میں اسے نوش فرماتے اور اگر  دن میں بناتے تو  آپ رات میں نوش فرماتے۔(مسند احمد،ج 9،ص301، حدیث:24263) 
(1): کھجور کےمتعلّق معلومات اور طبّی فوائد جاننے کے لئے ماہنامہ فیضانِ مدینہ رمضان المبارک 1439ھ صفحہ 57 کا مطالعہ فرمائیے۔