Brailvi Books

فیضانِ مدینہربیع الاول ۱۴40ھ نومبر/دسمبر 2018ء
48 - 59
تاریخ کے اوراق
1000سال پرانا خط
(محمد بلال رضا عطاری مدنی)
تقریباً2500ہزار سال پرانی بات ہے، ملکِ یَمَن پر اَسْعَد تُبّان حِمْیَری نامی بادشاہ کی حکومت تھی، چونکہ یَمَن کی زَبان میں بادشاہ کو تُبَّع کہا جاتا تھا اِس لئے تاریخ میں یہ بادشاہ تُبَّعُ الْاَوَّل (یعنی پہلا بادشاہ) اور تُبَّع حِمْیَری کے نام سے مشہور ہوا۔ 
ایک مرتبہ تُبَّع اپنے وزیر کے ساتھ سیر پر نکلا، تقریباً ایک لاکھ 13 ہزار پیدل چلنے والے اور ایک لاکھ 30 ہزار گُھڑسوار بھی اس کے ہمراہ تھے۔جس جس شہر میں یہ قافِلہ پہنچتا لوگ ہیبت اور تعجّب کے مارے بہت عزّت و اِحتِرام سے پیش آتے تھے۔اِس سفر کے دوران تُبَّع ہر شہر سے 10عُلَما منتخب کر کے اپنے قافلے میں شامل کررہا تھا، یوں کئی شہروں کی سیر کے بعدتقریباً 4 ہزار عُلَما تُبَّع کے قافِلے میں جمع ہوگئے۔ 
جب یہ قافلہ شہرِ مکّہ پہنچا تو وہاں کے لوگوں نے اِن کی ذرا بھی آؤ بھگت نہ کی، یہ دیکھ کر تُبَّع کو بہت غصّہ آیا، اُس نے وزیر کو بلا کر اِس کی وجہ پوچھی تو وہ بولا: بادشاہ سلامت! یہاں کے لوگ بہت عجیب و غریب ہیں، اِس شہر میں ایک عمارت ہے جس کا نام کعبہ ہے، یہ لوگ اس عمارت میں شیطان اور بتوں کو پوجتے ہیں۔ یہ سب سن کر تُبَّع نے دل ہی دل میں فیصلہ کیا کہ وہ مکّہ کے آدمیوں کو قتل کرکے عورتوں اور بچّوں کو قیدی بنالے گااور ساتھ ہی کعبہ کو بھی گرادے گا اور پھر کعبہ کا نام خِرْبَہ (یعنی ویران جگہ) ہوجائے گا۔ 
خُدا کا کرنا یہ ہوا کہ یہ خیال آتے ہی تُبَّع کے سَر میں شدید درد شُروع ہوگیا جبکہ اُس کی آنکھ، کان، ناک اور منہ سے بدبودار پانی بہنے لگا، جس کی وجہ سے اِتنی سَڑاند پیدا  ہوگئی کہ تُبَّع کے پاس ایک لمحہ ٹھہرنا کسی عذاب سے کم نہ تھا۔ وزیر نے طبیبوں (Doctors) سے مشورہ کیا مگر کوئی بھی تُبَّع کا عِلاج دریافت نہ کرسکا، طبیبوں کا کہنا تھا کہ یہ کوئی آسمانی معاملہ لگتا ہے جس کو ٹالنا ہمارے بس کی بات نہیں ہے۔ 
بیماری نے تُبَّع کی نیند اُڑا کر رکھ دی تھی کہ اچانک رات کے ایک پَہَر ایک عالِم صاحب وزیر کے پاس آئے اور رازداری سے فرمانے لگے: اگر بادشاہ میرے سوال کا سچ سچ جواب دینے کو تیار ہوجائے تو میں اُس کا عِلاج کرسکتا ہوں۔ وزیر نے یہ بات تُبَّع کو بتائی تو وہ فوراً راضی ہوگیا۔ چنانچِہ جب عالِم صاحب تُبَّع کے پاس پہنچ گئے جہاں اُن دونوں کے علاوہ کوئی نہ تھاتو اُنہوں نے پوچھا: بادشاہ! سچ سچ بتاؤ!کعبہ کے متعلّق تمہارے میں دل میں کیا بات ہے؟ تُبَّع جو بیماری کی وجہ سے مکمّل نڈھال تھا فوراً اپنے بُرے ارادے عالِم صاحب کو بیان کرنے لگا جسے سن کر وہ بولے: تمہاری بیماری کی وجہ یہی بری نیّت ہے، یہ بات یاد رکھو کہ کعبہ کا مالِک چُھپی باتوں کو بھی جان لیتا ہے، اِس لئے اپنے دل سے بُرے خیالات نکال دو، اِسی میں تمہارا بھلا ہے۔ تُبَّع مرتا کیا نہ کرتا، فوراً بُرے ارادوں سے تائب ہوگیا اور ابھی عالِم صاحب گئے بھی نہ تھے کہ وہ بِالکل ٹھیک ہوگیا، عالِم صاحب کی بات اپنی آنکھوں سے دُرُست ہوتی دیکھ کر تُبَّع ربِّ پاک پر ایمان لے آیا اور دینِ اِبراہیمی پر قائم ہوگیا، پھر اُس نے کعبہ کی تعظیم کے لئے 7 غلاف بھی تیّار کروائے، اِس سے پہلے کبھی کسی نے کعبہ پر غلاف نہیں چڑھایا تھا۔ اِس کے بعد تُبَّع شہرِ مکّہ کے رہنے والوں کو کعبہ کی حفاظت کا حکم دے کر مدینےشریف کی طرف چل پڑا۔ 
مدینےشریف میں اُن دنوں آبادی نہ تھی، پانی کے ایک چشمے کے علاوہ یہاں زندگی کے کوئی آثار نہیں تھے۔ تُبَّع کے قافلِے نے وہاں پہنچ کر اِسی چشمے کے پاس پڑاؤ ڈالا، یہاں قیام کے دوران تقریباً 4 ہزار عُلَما کا آپس میں ایک مشورہ ہوا جس کے بعد اُن میں سے 400 عُلَما نےیہ فیصلہ کیا کہ وہ جب تک زندہ ہیں کسی قیمت پراس جگہ (یعنی مدینہ طیبہ کی سرزمین کو) چھوڑ کر نہیں جائیں گے چاہے تُبَّع اُنہیں جلا ڈالے یا مار ڈالے۔ تُبَّع کو یہ بات پتا چلی تو وہ بہت حیران و پریشان ہوا ، اُس نے وجہ معلوم کرنے کے لئے وزیر کو بھیجا تو عُلَما نے فرمایا: 
’’ایک نبی  علیہ السَّلام تشریف لائیں گے جن کا نام محمّد ہوگا، اُن کی وجہ سے کعبہ اور مدینۂ طیبہ کو عزّت نصیب ہوگی، وہ حق کے اِمام ہوں گے، ذُو الفِقار نامی اُن کی تلوار ہوگی، اُونٹنی پر سُواری فرمائیں گے، مِنْبر پر کھڑے ہو کر لاٹھی ہاتھ میں لئے خطبہ اِرشاد فرمائیں گے، قراٰن عطا کرکے اُن کی شان کو اور بڑھایا جائے گا اور جب قِیامت کا دن ہوگا تو اُن کے سَر پر حَمْد کا تاج اور ہاتھ میں حَمْد کا جھنڈا ہوگا۔ وہ لوگوں کو ’’لَا اِلٰہَ اِلَّا اللہ‘‘ کی دعوت دیں گے، وِلادت شریف شہرِ مکّہ میں ہوگی اور ہجرت سے مدینۂِ منوّرہ کو نوازیں گے۔ وہ شخص یقیناً سعادت مند ہوگا جو اُن کے زمانے میں ہوگا اور اُن پر ایمان لائے گا۔ اِسی لئے ہم اِس اُمّید پر یہاں مرتے دم تک رہنا چاہتے ہیں کہ یا تو ہمیں محمّد مصطفےٰ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کےدربارِ گوہر بار کی حاضِری نصیب ہوجائے یا ہماری اولاد اِس سعادت سے بہرہ مند ہوجائے۔ ‘‘
وزیر کی زَبانی ماجرا معلوم ہونے کے بعد تُبَّع نے سوچا: کیوں نہ میں بھی اِن 400 عُلَما کے ساتھ ایک سال تک یہیں ٹھہر جاؤں، ہوسکتا ہے اس عرصے میں محمّدمصطفےٰ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا دیدار نصیب ہوجائے۔ اِس خیال سے تُبَّع نے بھی وہیں قیام کرلیا اور 400 عُلَما کے رہنے کے لئے 400 گھر بنوائے، اُن کی شادیاں کروائیں اور خوب مال و دولت بھی دیا۔ 
ایک سال اِنتِظار کے بعد جب تُبَّع کا وہاں سے جانے کا اِرادہ ہوا تو اُس نے بارگاہِ رِسالت میں پیش کرنے کے لئے ایک خط لکھا جس کا عُنوان اور مضمون کچھ یوں تھا: 
تُبَّعُ الاوّل حِمْیَر بن وَرْدَع کی طرف سے دو جہاں کے رب کے رسول، اور سب سے آخِری نبی محمّد بن عبدُ اللہ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ وسلَّم کی طرف۔ (یہ خط اللہ کی امانت ہے، جس کو ملے وہ اس کے مالک تک پہنچائے)۔ 
’’یا محمّد! میں آپ پر اور قراٰنِ مجیدپر ایمان لاتا ہوں، آپ کے دین اور سنّت کو اپناتا ہوں، آپ کے اور ہر چیز کے ربّ پر ایمان لاتا ہوں اور جو شریعت آپ لائیں گے اُسے بھی قبول کرتا ہوں۔ اگر میں آپ کی صحبت کا شَرْف پانے میں کامیاب ہوگیا تو یہ مجھ پر ربّ کا اِنعام ہوگااور اگر یہ سعادت مجھے نہ مل سکی تو آپ قِیامت کے دن مجھے بھولئے گا نہیں، ربّ کی بارگاہ میں میری شفاعت کیجئے گا، میں آپ کا فرمانبردار اُمّتی ہوں اور تشریف آوری سے قبل ہی آپ کی پیروی کرنے والا ہوں، میں آپ اور آپ کے والِد اِبراہیم  علیہ السَّلام کے دین پر ہوں۔‘‘
یہ خط لکھنے کے بعد تُبَّع نے اِس پر اپنی سنہری مُہر لگائی جس پریہ عبارت نقش تھی: ’’لِلہِ الْاَمْرُ مِنۡ قَبْلُ وَ مِنۡۢ بَعْدُ ؕوَ یَوْمَئِذٍ یَّفْرَحُ الْمُؤْمِنُوۡنَ بِنَصْرِاللہِ‘‘ (یعنی پہلے اور بعد حکم اللہ ہی کا ہے، اور اس دن