Brailvi Books

فیضانِ مدینہربیع الاول ۱۴40ھ نومبر/دسمبر 2018ء
25 - 59
باتیں میرے حضور کی
چہرہ نور کا
(خضر حیا ت عطاری مدنی)
 حُسن و جمالِ مصطفٰے حُضُور سرورِ کونین صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی ذات حُسن و کمال کا سَرچشمہ ہے۔ کائنات کے حُسن کا ہر ہر ذرّہ دہلیزِ مصطفےٰ کا ادنیٰ سا بھکاری ہے۔ زمانے کی تمام چمک دمک آپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہی کے دم قدم سے ہے۔ رَبِِّ کریم نے آپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو وہ جمالِ بے مثال عطا فرمایا کہ اگر اُس کا ظہورِ کامل ہو جاتا تو اِنسانی آنکھ اُس کے جلووں کی تاب نہ لا سکتی۔(1)
اک جھلک دیکھنے کی تاب نہیں عالَم کو
وہ اگر جلوہ کریں کون تماشائی ہو
                                                    (ذوق نعت،ص204)
قراٰن کریم میں ذِکْرِ حُسنِ مصطفٰے ربّ تعالیٰ نے اپنے محبوب کے حسن و جمال کو نہایت ہی خوبصورت اَنداز میں کبھی سِرَاجًا مُّنِیْرًا (چمکتا چراغ) سے تعبیر فرمایاکیونکہ جس طرح چراغ سے مکان کی تاریکی دور ہوتی ہے اسی طرح آپ کے وجودِ مسعودسے کُفْر و شِرْک کی تاریکی دور ہوئی اور تمام عالَم نورِ ایمان سے منوّر ہوگیا، ہاں جس طرح جس گھر میں چراغ ہو اس میں چور نہیں آتااسی طرح جس دل میں ان کی مَحبت کا چراغ روشن ہو شیطان اس کے ایمان کو چُرانے کے لئے نہیں آتااورجس طرح چراغ گھرکے اندھیرے کو دور کرتا ہے اسی طرح یہ چراغ دل کے اندھیرے کو دور کرتاہے۔ جی ہاں! جس گھر میں چراغ ہو وہاں بیٹھنے والےکا دل نہیں گھبراتا اور جس دل میں اس چراغ کی یادہو رَنْج و اَلَم اس کے پاس بھی نہیں پھٹکتا۔اور اگر سِرَاجًا مُّنِیْرًا سے مراد چمکادینے والا آفتاب ہو تومعنی یہ ہوگاکہ جس طرح سورج کا نور سارے عالَم میں پھیلا ہوا ہے اسی طرح ساراجہان آپ کے نور سے منوّر ہے اور جس طرح سورج چمک دمک میں بقیہ ستاروں سے ممتاز ہے اسی طرح آپ بھی فضائل و کمالات میں بقیّہ انبیا سے ممتاز ہیں۔ (2)اورکبھی رب تعالیٰ نے ”طٰہٰ “ کا لقب دے کر آپ کو چودھویں کا چاند فرمایا، جی ہاں ’’ط‘‘ کے عدد نو ہیں اور” ہ“ کے عدد پانچ ہیں یعنی رب فرماتا ہے: اے چودھویں، کے چاند! (3) اور ربِّ کریم وعظیم نے ”  وَ النَّجْمِ ‘‘ سے جہاں آپ کو چمکتے تارے‘‘ کے لقب سے نوازا، (4) تو وہیں ’’  وَ الضُّحٰى فرما کر آپ کے رخِ انور کے حُسن کا چرچا فرمایا۔ (5) جہاں تک بات رہی ان پاک ہستیوں کی جوصبح وشام اس ”سراجِ مُنیر“ اور ”  طٰہٰ  “  کے دیدار سے مشرف ہوتے تھے، انہوں نے اپنے جذبات و احساسات واِدراکات کے مُطابِق ان کے حُسن کو بیان کیا، اور حقیقت تو یہ ہے کہ ان کے حُسن کو کوئی بیان کرہی نہیں سکتا۔ 
کسی جا ہے طٰہٰ  و  یٰسٓکہیں پر
لقب ہے سراجا منیرا تمہارا
                                            (قبالۂ بخشش،ص18)
چاند سے بڑھ کر حسین اگرحضرتِ اَنَسرضي الله تعالى عنه نے یہ کہہ کر حُسنِ مصطفےٰ کو بیان کیا کہ ’’آپ کارنگ كمال روشن تها،گوىا آپ کا پسىنہ موتى ہے۔‘‘ (6) تو حضرتِ جابربن عبداللہ رضي الله تعالى عنه بھی بار بار آسمان کے چانداور مدینے کے چاند کو دیکھنے کےبعد اس نتیجہ پر پہنچے کہ آپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم مجھے چاند سے زىادہ حسین معلوم ہوتے تھے۔(7)
حُسن تجھ سا کہیں دیکھا نہ سنا حضرتِ سیّدنا ابوہریرہ رضي الله تعالى عنه مدحتِ مصطفےٰ میں کچھ یوں بولے: مىں نے کوئى شے نبیِّ مکرّم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے زىادہ خوبصورت نہ دىکھى، گوىا آفتاب ان کے چہرے مىں رواں ہے(8) اور فرمایا: جب آپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم مسکراتے دىوارىں روشن ہو جاتىں اور دانتوں کا نور دھوپ کی کرنوں کی طرح ان پر پڑتا۔(9)
بعض صَحابۂ کرام رضي الله تعالى عنهم نے یہاں تک فرمایا: خوشى کے وَقْت چہرۂ مُبارَک اس قدر چمکتا کہ دىواروں کا عکس اس مىں نظر آتا۔(10) حضرتِ سیّدُنا کَعْب بن مالک رضي الله تعالى عنه نے رُخِ مصطفےٰ کا نقشہ یوں کھینچا کہ جب آپ خوش ہوتے توایسےمعلوم ہوتا گویا آپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کا رخِ انور چاند کا ٹکڑا ہے۔(11)
 کسى نے جب حضرت سیّدنا بَرَاء بن عازب رضي الله تعالى عنه سے پوچھا: کىا آپ کا چہرۂ مبارکہ تلوار کى مانند چمکتا تھا؟ فرماىا: نہىں! بلکہ چاند کى طرح چمکتا تھا۔(12)
حضرتِ سیّدَتُنا عائِشہ صدّیقہ رضي الله تعالى عنها کے ہاتھ سے  جب سوئی گرجاتی ہے اور ہر چند تلاش کے باوجود نہیں مل سکتی تو حضور ماہ ِمدینہ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے تشریف لاتے ہی رُخِ انورکی روشنی سے سارا کمرہ روشن ہو جاتا ہے اور سُوئی چمکنے لگ جاتی ہے۔(13) 


________________________________
1 -     سبل الہدی والرشاد،ج2،ص8ماخوذاً
2 -     الکلام الاوضح، ص125، ماخوذاً
3 -     ایضاً، ص126
4 -     نورالعرفان، ص839
5 -     الکلام الاوضح، ص126 ماخوذاً
6 -     مسلم، ص978، حدیث:6054 ماخوذاً
7 -     ترمذی،ج 4،ص370، حدیث:2820
8 -     ترمذی،ج5،ص369، حدیث:3668
9 -     جامع معمر بن راشد ملحق بمصنف عبدالرزاق،ج 11،ص259، رقم:20490
10 -     الکلام الاوضح، ص123
11 -     بخاری،ج2،ص488، حدیث:3556 ماخوذاً
12 -     ایضاً،حدیث:3552
13 -     القول البدیع، ص302