مدنی منّوں اور مدنی منّیوں کے لئے
جانوروں کی سبق آموز کہانیاں
بھیڑئیے نے بکریوں کی حفاظت کی
(شاہ زیب عطاری مدنی)
ایک بھیڑئیے (Wolf)نے بکری کو پکڑا لیکن چرواہے نے کوشش کرکےاپنی بکری کواس سے چھڑا لیا۔ بھیڑیا اس چرواہےسے کہنے لگا : اے چرواہے! اللہ پاک نے مجھ کوکھانا دیا مگر تو نے اس کو چھین لیا۔ چرواہا بھیڑئیے کو بولتا دیکھ کر حیران ہوگیا اور کہنے لگا : خدا کی قسم! میں نے آج سے پہلے کبھی ایسا عجیب مَنْظر نہیں دیکھا کہ ایک بھیڑیا انسانوں کی طرح بات کرتا ہے۔بھیڑیا کہنے لگا : اے چرواہے! اس سے زیادہ عجیب تو یہ ہے کہ تو یہاں بکریاں چرا رہا ہے اور اُس نبی کے پاس نہیں جا رہا جو سب نبیوں میں افضل ہیں،کاش! تو بھی اُس نبی کے پاس جا کر مسلمان ہوجاتا،تیرے اور اس نبی کے درمیان بس ایک پہاڑ کافاصلہ ہے۔بھیڑئیے کی یہ گُفتُگو سُن کر چرواہے نے اس سے کہا: اگر میں یہاں سے جاؤں تو میری بکریوں کی حِفاظت کون کرےگا؟ بھیڑیا بولا:تمہارے واپس آنے تک میں خود تیری بکریوں کی حفاظت کروں گا۔ چرواہے نے اپنی بکریاں اُس کے حوالے کیں اور خود نبیِّ اکرم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے پاس جاکر مسلمان ہو گیا۔ اُس نے بھیڑئیے کے باتیں کرنے کا قصّہ حُضور صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے ذِکْر کیا تو آپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا :جاؤ! اپنی سب بکریوں کو سلامت پاؤ گے۔ چرواہا جب واپس لوٹا واقعی بھیڑیا اس کی بکریوں کی حفاظت کر رہا تھااور سب بکریاں صحیح سلامت تھیں۔ (زرقانی علی المواہب،ج6،ص549)
پیارے مدنی منّو اور مدنی منّیو!(1) ہمیں اپنی چیزوں کو حفاظت کے ساتھ رکھنا چاہئے (2)اگر کوئی امانت رکھوائے تو اسےصحیح سلامت واپس کرنا چاہئے (3)جب کبھی نیکی کی دعوت دینے کا موقع ملے تو دیر نہیں کرنی چاہئے (4)اچھی بات کو فوراً قبول کر لینا چاہئے۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
٭…ماہنامہ فیضان مدینہ ،باب المدینہ کراچی