Brailvi Books

فیضانِ مدینہربیع الاول ۱۴40ھ نومبر/دسمبر 2018ء
12 - 59
فیضان امیرِ اہلِ سنّت
مدنی مذاکرے کے سوال جواب
کیک پر خانۂ کعبہ یا سبز گنبد کا ماڈل بنانا کیسا؟
سوال:کیا کیک پر خانۂ کعبہ یا سبز گنبد کا ماڈل بنا سکتے ہیں؟
جواب:کیک پر خانۂ کعبہ یا سبز گنبد کا ماڈل بنانا یا اس پر مقدس الفاظ مثلاً جشنِ عید میلادُ النَّبی مبارک ہو یا مرحبایا مصطفٰے لکھنا مناسب نہیں ہے، کیونکہ کوئی بھی عقل مند باادب عاشقِ رسول اللہ پاک اور اس کے پیارے نبی صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے نام پر سَر تو کٹوا سکتا ہے مگر ان کے نام پر!!! آگے بولنے سے میری زبان قاصر ہے، آپ سب سمجھتے ہیں۔ کیک پورا کھایا نہیں جاتا اور اس کے ذَرّات بھی نیچے گِرتے ہیں لہٰذا بے ادبی سے بچنا بہت مشکل ہے، ایسا کیک بنانا یا بنوانا تو دُور کی بات ایسا کرنے کا سوچنا بھی نہیں چاہئے۔ (مدنی مذاکرہ، 7محرمُ الحرام 1440ھ)
وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد
شوہر کو بھائی کہنا کیسا؟
سوال:اگر کسی نے اپنے شوہر کو بھائی کہہ دیا تو نکاح میں کوئی فرق پڑے گا یا نہیں؟
جواب:کوئی فرق نہیں پڑے گا، البتّہ شوہر کو بھائی،بیٹا وغیرہ کہناجائز نہیں۔
وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد
بلّی اور دودھ
سوال:کیا بلّی کو دودھ پلا سکتے ہیں؟ کیا اس پر ثواب ملے گا؟
جواب:پلا سکتے ہیں اور اچّھی نیّت کے ساتھ پلائیں گے تو  اِنْ شَآءَ اللہ ثواب بھی ملے گا، مثلاً یہ نیّت کر لیجئے کہ میں اللہ پاک کو راضی کرنے کے لئے اسے دودھ پلا رہا ہوں۔ جانوروں کے ساتھ بھلائی کرنا باعثِ ثواب ہے جیساکہ ایک موقع پر صَحابۂ کرام علیہمُ الرِّضوان نے عرض کی:یارسولَ اللہ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم! کيا ہمارے لئے چوپايوں ميں بھی اجر ہے؟ فرمايا: ہر تَر جگر (یعنی ہر ذی روح،جاندار) ميں ثواب ہے۔(بخاری،ج 4،ص103، حدیث:6009ملتقطاً)
وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد
”میری عمر تم کو لگ جائے“ کہنا کیسا؟
سوال:میری عُمْر تم کو لگ جائے کہنا کیسا ہے؟
جواب:جائز ہے، اس کا مطلب لمبی عمر کی دُعا دینا ہے۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت ہے فرماتے ہیں کہ رسولُ اﷲ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: جب اللہ پاک نے حضرتِ آدم کو پیدا کیا تو ان کی پُشْت سے تاقِیامت پیدا ہونے والی اولاد کو حضرتِ آدم پر پیش کیا۔ وہ بولے: اے ربّ! یہ کون ہیں؟ فرمایا: تمہاری اولاد۔ حضرتِ آدم علیہ السَّلام نے ان میں سے ایک شخص کو دیکھا جس کی آنکھوں کے درمیان کی چمک آپ  کو پسند آئی، عرض کی: اے رب! یہ کون ہے؟ فرمایا: داؤد۔ عرض کی: اے رب! ان کی عمر کتنی مقرّر فرمائی ہے؟ فرمایا: ساٹھ سال۔ عرض کی: مولا! میری عمر میں سے چالیس سال ان کی عمر بڑھا دے۔ جب حضرت آدم علیہ السَّلام کی عمر چالیس سال کے علاوہ پوری ہوئی تو ان کی خدمت میں ملکُ الموت حاضِر ہوئے، حضرت آدم علیہ السَّلام نے فرمایا:  کیا ابھی میری عمر کے چالیس سال باقی نہیں؟ عرض کی: وہ آپ اپنے فرزند داؤد کو نہ دے چکے؟
(ترمذی،ج5،ص53، حدیث:3087 ماخوذا)
مفسرِ قراٰن، حکیمُ الامّت حضرت مفتی احمد یار خان علیہ رحمۃ الحنَّان فرماتے ہیں: آدم علیہ السَّلام کی عمر ایک ہزار سال تھی، آپ نے عرض کیا کہ میری عمر نو سو ساٹھ سال کردے اور داؤد علیہ السَّلام کی عمر پورے سو سال،یہ دُعا رب نے قبول فرمالی۔(مراٰۃ المناجیح،ج 1،ص118)
وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد
علّامہ اور مولانا کے معنیٰ
سوال:علّامہ اور مولانا کے معنیٰ بتادیجئے۔
جواب:علّامہ کے معنیٰ ہیں:بہت بڑا عالِم۔ جبکہ مولانا کے لغوی معنیٰ ہیں:ہمارے مولیٰ، ہمارے آقا۔ عُرْف میں عُلَما کو بھی احتِراماً مولانا کہا جاتا ہے۔
وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد