فیضان امیر اہل سنت
مدنی مذاکرے کے سوال جواب
چھپکلی کو مارنا کیسا؟
سوال:کیا چھپکلی کو مار سکتے ہیں؟
جواب:مار سکتے ہیں،حضرتِ سیّدُنا سعدرضی اللہ تعالٰی عنہ فرماتے ہیں کہ نبیِّ کریم، رءُوفٌ رَّحیم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے چھپکلی کو مارنے کا حکم دیا۔(مسلم، ص948، حدیث:5844) فرمانِ مصطفےٰ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہے:جو چھپکلی کو ایک وَار میں مارے اس کو 100نیکیاں اور دو وَار میں مارے تو اس سے کم اور تین وَار میں مارے تو اس سے کم نیکیاں ملتی ہیں۔(مسلم، ص948، حدیث:5847) ایک حدیثِ پاک میں اسے فُوَیْسِق (یعنی چھوٹا فاسق) کہا گیا ہے۔(مسلم، ص948، حدیث:5845)(مدنی مذاکرہ، 4محرمُ الحرام 1440ھ) وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد
چھپکلی کو مار کر غسل کرنا کیسا؟
سوال:بعض لوگ کہتے ہیں کہ چھپکلی کو مارنے کے بعد غسل کرنا چاہئے، کیا یہ دُرست ہے؟
جواب:نہیں! چھپکلی کو مارنے سے غسل فرض نہیں ہوتا لہٰذا اسے مارنے کے بعد غسل کرنا ضَروری نہیں ہے۔(مدنی مذاکرہ، 4محرمُ الحرام 1440ھ) وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد
دُرود شریف کا ایک مسئلہ
سوال:بعض اسلامی بھائی اپنے نام کے ساتھ محمد لگاتے ہیں جیسے’’ محمد عرفان‘‘ تو کیا اس محمد کے ساتھ دُرود شریف پڑھیں گے یا نہیں؟
جواب:نہیں پڑھیں گے کیونکہ یہاں پر وہ شخص مُراد ہے جس کے نام کے ساتھ یہ لگایا گیا ہے، نبیِّ کریم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی ذاتِ مبارَکہ مراد نہیں ہے۔(مدنی مذاکرہ، 6محرمُ الحرام 1440ھ)
وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد
میّت کی چارپائی کے نیچے آٹا رکھنا کیسا؟
سوال:بعض لوگ میّت کے پیٹ پر شیشہ رکھ دیتے ہیں تاکہ اس کا پیٹ نہ پھولے اور میّت کی چارپائی کے نیچے پلیٹ میں آٹا رکھتے ہیں، کیا ایسا کرنا جائز ہے؟
جواب:میّت کے پیٹ پر کوئی بھاری چیز مثلاً گیلی مٹی وغیرہ رکھنے کا حکم ہے کہ پیٹ پُھول نہ جائے۔(بہارِ شریعت،ج 1،ص809 ملخصاً) شیشہ رکھنا ضَروری نہیں ہے، اگر کسی نے شیشہ رکھ بھی دیا تو حرج بھی نہیں۔ میّت کی چارپائی کے نیچے پلیٹ میں آٹا رکھتے ہیں ،یہ میں نے پہلی بار سُنا ہے، یہ کس تصوُّر سے رکھتے ہیں اللہ پاک بہتر جانتا ہے، اگر اس لئے رکھتے ہیں کہ بعد میں اس کو ایصالِ ثواب کے لئے صَدَقہ کر دیں گے تو بھی چارپائی کے نیچے رکھنا فُضول ہے،ویسے ہی صدقہ کردیں۔(میّت کے غسل و کفن دفن اور نمازِ جنازہ وغیرہ کے مسائل جاننے کے لئے مکتبۃ المدینہ کی کتاب ”نماز کے احکام“ اور ”تجہیز و تکفین“ پڑھئے۔)
(مدنی مذاکرہ، 4محرمُ الحرام 1440ھ)
وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد
بَھنویں بنوانے کا ایک مسئلہ
سوال:کیا عورت کا بھنویں بنوانا جائز ہے؟
جواب:اگر بَھنویں اتنی بڑی ہوگئی ہوں کہ دیکھنے میں بَھدِّی (یعنی بہت بُری) لگتی ہوں تو اتنی کٹوانے کی اجازت ہے کہ بَھدَّا پَن ختم ہوجائے، خُوبصورتی حاصل کرنے کے لئے بَھنویں کٹوانے کی شرعاً اجازت نہیں ہے۔ آجکل یہ رَواج نکل پڑا ہے کہ عورتیں خوبصورتی حاصل کرنے کے لئے بھنویں کٹوا کر یا بِالکل ہی مُونڈوا کر صرف کاجل لگاتی ہیں جو کہ ناجائز و گناہ ہے۔ یہ حکم مَردوں اور عورتوں دونوں کے لئے ہے لہٰذا دونوں کو ہی اس سے بچنا ضَروری ہے۔(مدنی مذاکرہ، 6محرمُ الحرام 1440ھ)
وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد
پَردے کا ایک مسئلہ
سوال:کیا لڑکی کا اپنے والد کے ماموں سے بھی پَردہ ہے؟
جواب:نہیں، والد کے ماموں سے لڑکی کا پردہ نہیں ہے۔ (پردے کے بارے میں اہم معلومات حاصل کرنے کے لئے مکتبۃُ المدینہ کی کتاب ”پردے کے بارے میں سوال جواب“پڑھئے)
(مدنی مذاکرہ، 4محرمُ الحرام 1440ھ)