Brailvi Books

ماہنامہ فیضان مدینہ جمادی الاولیٰ1440
35 - 60
گاہک کو مستقل کرنے کے 8طریقے
آج کل ہر کوئی یہ چاہتا ہے کہ میرا کاروبار خوب پَھلے پُھولے، میں خوب ترقی کروں اورظاہر ہے کہ کاروبار اسی وقت بڑھتا ہے جب گاہک آتے ہیں اور مستقل(Permanent) بنتے چلے جاتے ہیں، آئیے گاہک کو مستقل بنانے کے 8 طریقے ملاحظہ کرتے ہیں(1) اچّھے اخلاق اچّھے اَخلاق والا ہونا اللہ پاک کی بہت بڑی نعمت ہے، اس لئے ہر ایک کو بِالعُموم اور تاجر کو بِالخُصوص رضائے الٰہی کے لئے اچّھے اخلاق اپنانے کی کوشش کرنی چاہئے، اس کا فائدہ یہ بھی ہوگا کہ اچّھے اخلاق والے کو معاشرے میں قَدْر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اورلوگ اس کی عزّت کرتے ہیں۔اچھے اخلاق کاروبار کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور کاروبار کی کامیابی میں گاہکوں کے ساتھ رَوَیَّہ بہت اَہمیّت رکھتا ہے، چنانچہ ٭تنقید برداشت کرنے کی عادت بنائیے یہ آدمی کو مضبوط بنادیتی ہے ٭گاہک کی کڑوی باتوں اور چیزوں میں بے جا نَقْص نکالنے کو برداشت کرنا سیکھئے ٭ گاہک کے ساتھ خَنْدہ پیشانی کے ساتھ نرم لہجے میں بات کرنے سے اس کےمستقل بننے کے اِمکانات بہت روشن ہیں٭ بعض اوقات ایسا ہوتا ہے کہ کچھ لوگ صرف معلومات کے لئے آتے ہیں،ان کو بھی اہمیت دیں اور غصّہ دکھانے کی بجائے ان کی صحیح راہنمائی کریں، ان کے سوالات کے جوابات دیں، اگرچہ وہ ابھی سامان نہیں خرید رہے تاہَم ان کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنا انہیں دوبارہ کھینچ کر لاسکتا اور انہیں مستقل گاہک بنا سکتا ہے۔ (2)سَستی چیز دینا شرعی اُصولوں پر عمل کرتے ہوئے اپنی چیز مہنگے داموں بیچنا گناہ نہیں ہے لیکن اگر چیز سَستی بیچیں گے تو اس دور میں کہ جب مہنگائی کےسبب لوگوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے، انہیں کچھ سہارا مل جائے گا اورنتیجۃً نئے نئے گاہک آپ کے پاس آئیں گے اور مستقل بنتے چلے جائیں گے جس کی وجہ سے کاروبار خوب چمکے گا، اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ۔ سَستی چیز  بیچنے سے جہاں گاہک مستقل بنتے ہیں وہیں اس کے اور بھی فائدے ہیں مثلاً اگر کمپنی سے مال اُٹھاتے ہیں تو بِکری زیادہ ہونے کی صورت میں کمپنی سے مال زیادہ لیں گے جس پر کمپنی سہولیات بھی زیادہ دے گی،اگر ہول سیلروں سے لیتے ہیں تووہ عزّت افزائی کریں گے کیونکہ بڑے دکانداروں کو وہ بہت اہمیت دیتے ہیں۔ اسی طرح گاہکوں کا رَش بڑھنے کی صورت میں کام کا بوجھ (Load) بڑھے گا اورمُلازِم رکھنے کی ضَرورت پیش آئے گی جس سے    بےروزگار اسلامی بھائیوں کے لئے  روزگار کے مَواقِع پیدا ہوں گے۔ اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ  وَجَلَّ  (3)عیب والی چیز نہ دینا عَیب والی چیزیں بیچنے کے جہاں اُخْرَوِی نُقصانات ہیں وہیں دُنْیَوِی نقصانات بھی ہیں،لہٰذا اس سے بچئے۔کسی نے کیاخُوب کہا ہے کہ ”جب کاروبار تباہ کرنا ہو تو عیب والی چیزیں بیچنا شُروع کر دیں۔“ عیب والی چیزیں بیچنے کی وجہ سے آئے دن گاہکوں سے لڑائی جھگڑے ہوتے ہیں، مارکیٹ میں تماشا بنتا ہے اور بَد نامی بھی ہوتی ہے۔ (4)مِعیاری چیز دینا گاہک کو اچّھی اور معیاری چیز دی جائے تو وہ بہت عرصے تک یاد رکھتا ہے اگرچہ اس کو وہ چیز مہنگی کیوں نہ دی ہو! وہ اس چیز کی قیمت بھول جاتا ہے لیکن اس کا معیا ری ہونانہیں بھولتا۔ بعض ہوٹلوں کا کھانا مہنگا ہوتا ہے اوران کی مَسافت بھی طویل ہوتی ہے لیکن پھر بھی لوگ ان کی چیزیں خرید کر کھانے کو ترجیح دیتے ہیں اس لئے کہ ان کی اشیاء معیاری ہوتی ہیں لہٰذا اپنی چیزوں کا معیار(Standard) اچّھا رکھئے پھر دیکھئے کس طرح گاہک مستقل بنتے ہیں!(5)سلیقے سے کام کرنا جو بھی کام کریں بڑے سلیقے و ہُنَر مَنْدی کےساتھ اور مُخلِص ہو کر کریں، دل سے کیا جانے والا کام دیکھ کر گاہک خوش ہوگا اور مستقل بن جائے گا، فرمانِ مصطَفٰے  صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہے: بہترین کمائی ہاتھ کی کمائی ہے جبکہ کام کرنے والا خُلوص کے ساتھ کام کرے۔ (مسندِاحمد،ج3،ص231، حدیث: 8420)  حضرت علّامہ عبدالرّءوف مُناوی  علیہ رحمۃ اللہ القَوی لکھتے ہیں: خُلوص  کے ساتھ کام کرنے کا مطلب یہ ہے کہ چیز کے بنانے میں پختگی اور صفائی کا خیال رکھا جائے، خِیانَت سے بچا جائے اور اُجرت کی مِقْدار کی طرف توجّہ نہ کرتے ہوئے اپنے ہُنَر و کاریگری کا پورا حق ادا کردیا جائے، یہی وہ چیزہے جس کی بَدولت خیر و برکت حاصل ہوتی ہے جبکہ اس کا اُلٹ کرنے سے شَر اور وَبال آتا ہے۔ (فیض القدیر،ج3،ص635) اللہ پاک نے بھی اپنے پیارے نبی حضرت سیّدُنا داؤد علٰی نَبِیِّنَاوعلیہ الصَّلٰوۃ وَالسَّلام سے زِرہیں بنانے کے متعلّق ارشاد فرمایا: ( اَنِ اعْمَلْ سٰبِغٰتٍ وَّ قَدِّرْ فِی السَّرْدِ)  (پ22، السبا:11) ترجمۂ کنزالایمان: کہ وسیع زِرہیں بنا اور بنانے میں اندازے کا لحاظ رکھ  (کہ اس کے حلقے ایک جیسے اور مُتَوَسّط ہوں، بہت تنگ یا کُشادہ نہ ہوں۔صراط الجنان،ج8،ص122)۔ (6)جس چیز کے بنانے کا آرڈر لیا وہی بنا کر دینا بعض کام ایسے ہوتے ہیں جن میں آرڈر پر چیز بنوائی جاتی ہے جیسے فرنیچر کا کام، سونے چاندی کا کام اور چشمے بنانے کا کام وغیرہ، گاہک جس کوالٹی کی چیز   بنانے کا آرڈر دے اُسی کوالٹی کی بنا کر دیں، اِس سے اُس کا اطمینان بڑھے گا اور وہ دوبارہ بھی آئے گا، ورنہ اگراس کی چاہت کے مطابق بنا کر نہیں دی تولڑائی جھگڑے کی صورت بنے گی ،وہ بَد ظَن ہو گا اور دوبارہ  آپ کی دکان کا رُخ   نہیں کرے گا۔ جب گاہک سے کسی چیز کا آرڈر لیں تو  ساتھ ہی اس کا فون نمبر بھی لے لیا کریں کہ اس سے بعد میں آسانی رہتی ہے کیونکہ بعض اوقات ایسا ہوتا ہے کہ جس کوالٹی کی چیز بنانے کا آرڈر لیا ہوتا ہے وہ چیز مارکیٹ میں ختم (Short) ہوجاتی ہے تو ایسی صورت میں فون کرکے گاہک کو اعتماد میں لے کر دوسری کوالٹی کی چیز بنائی جاسکتی ہے، اگر فون نمبر نہ لیا اورگاہک مقرّرہ وقت پر اپنا سامان لینے پہنچ گیا تو چیز تیار نہ ہونے پرگاہک کے سامنے شرمندگی ہوگی اور وہ ناراض الگ ہوگا اور اگر اس وَقْت دوسرے گاہک موجودہوئےتو ان کا ذِہْن بھی خراب ہوگا جس سے کاروبار بُری طرح مُتأثر ہونے کا اندیشہ ہے۔ (7)تیز اور بہتر سروس دینا آرڈر والی چیزوں کی سروس میں تیزی اور بہتری لانا گاہک کو مستقل بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔اگر گاہک کو چیز اچّھی اور جلد ملے تو وہ بہت خوش ہوتا ہے، اس کے لئے کاریگروں سے اچّھے تعلّقات ہونا فائدہ مند ہوتا ہے، بعض اوقات گاہک کو جلدی ہوتی ہے جیسے کبھی اسے شہر سے باہر جانا ہوتا ہے اور اسے چیزاَرجنٹ چاہئے ہوتی ہے، اگر تعلّقات اچّھے ہوئے تو کاریگر کام کا بوجھ (Load) ہوتے ہوئے بھی کام اچھا اور جلد کرکے دے دے گا جو کاروبار کی ترقی میں بہت مُعاوِن ثابت ہوگا۔ (8)وعدے کی پابندی کرنا آرڈر والی چیزوں میں اگر وقت کی پابندی کا خیال نہ رکھا جائے اور وعدہ پورا کرنے میں کوتاہی سے کام لیا جائے تو اس سے گاہک کو بہت زیادہ ذہنی کوفت ہوتی ہے کیونکہ گاہکوں کی اپنی مصروفیات بھی ہوتی ہیں، وہ اپنے کام کاج چھوڑ کر آتے ہیں اوربعض اوقات ٹرانسپورٹ کے ذریعے بھی آتے ہیں جس میں ان کا کرایہ لگتا اور پیٹرول خرچ ہوتا ہے اور جب ان کو وعدے کے مطابق وقت پر چیز نہیں ملتی تو وہ بہت بد ظن ہوتے ہیں اور ہوسکتا ہے کہ اچّھی اور معیاری چیز دینے کے باوجود بھی دوبارہ آپ کی  دکان کا رُخ نہ کریں۔
اللہ  کریم ہرتاجِرکواچّھی اچّھی نیتوں کے ساتھ ان مدنی پھولوں پرعمل کرنے کی توفیق عنایت فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم 
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
٭…ماہنامہ فیضان مدینہ ،باب المدینہ کراچی