Brailvi Books

ماہنامہ فیضان مدینہ جمادی الاولیٰ1440
21 - 60
مقامات پر اولاد کو عاق(یعنی نافرمانی کی وجہ سےاولاد کوفرزندی سے محروم) کردیتے ہیں اور یہ گمان کرتے ہیں کہ اب اولاد اولاد ہونے  سے خارِج اور ترکہ(وراثت میں چھوڑے ہوئے مال) سے محروم ہوگئی یہ نِری جہالت ہے۔(فتاویٰ رضویہ ،ج26،ص349ملخصاً) ٭دیہاتی علاقوں میں پَنچایَت کے فیصلے ایسے لوگ کرتے ہیں جنہیں دین کی کچھ سمجھ نہیں ہوتی، ان کے اکثر فیصلے شریعت کے مخالف اور ظلم و زیادتی پر مبنی ہوتے ہیں، ایسے خلافِ شرع فیصلے کو ماننا قطعاً ضروری نہیں۔( فتاویٰ رضویہ،ج18،ص467ماخوذاً) ٭’’استاذ سےکیا پردہ!‘‘حالانکہ استاذ اور شاگردہ کا پردہ بھی ضروری ہے کیونکہ پردے کے معامَلے میں اُستاذ، عالِم و غَیرِ عالم، پِیر سب برابر ہيں۔(فتاویٰ رضويہ،ج 23،ص639 ملخصاً) ٭مغرب کے وقت کے بارے میں بھی ایک عام غلَط فہمی یہ پائی جاتی ہے کہ جیسے ہی جماعت ہوگئی لوگ سمجھتے ہیں کہ وقتِ مغرب ختم ہوگیا جبکہ مغرب کا وقت غروبِ آفتاب کے بعد سے تقریباً ایک گھنٹے سے کچھ زائد دیر تک ہوتا ہے۔(فتاویٰ رضویہ،ج 5،ص153 ملخصاً) یہ چند مثالیں دی ہیں، غور کیا جائے تو لمبی لِسٹ بن سکتی ہے۔ علمِ دین سیکھ لیجئے  جہالت کے اندھیرے سے نکلنے کے لئے علمِ دین کی روشنی ضروری ہے۔ فرمانِ مصطَفٰے صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہے: طَلَبُ الْعِلْمِ فَرِیْضَۃٌ عَلٰی کُلِّ مُسْلِمٍ یعنی علم کا حاصل کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے۔(ابنِ ماجہ،ج1،ص146، حدیث :224) ہر مسلمان عاقِل و  بالِغ مرد و عورت پر اُس کی موجودہ حالت کے مطابِق مسئلے سیکھنا فرضِ عَین ہے۔ چنانچہ ہر مسلمان کو عقائد، نماز، روزے کا علم ہونا فرض، جس پر زکوٰۃ فرض ہو اسے زکوٰۃ اور تاجر پر تجارت کے مسائل سیکھنا فرض ہیں۔ اِسی طرح ہر ایک کیلئے مسائلِ حلال و حرام بھی سیکھنا فرض ہیں۔ نیز مسائلِ قلب یعنی فرائضِ قَلْبِیہ (باطِنی فرائض) مَثَلاً عاجِزی و اِخلاص اور توکُّل وغیرہا اور ان کو حاصِل کرنے کا طریقہ اور باطِنی گناہ مَثَلاً تکبُّر، ریاکاری، حَسَد وغیرہا اور ان کا علاج سیکھنا ہر مسلمان پر اہم فرائض سے ہے۔(تفصیل کےلئے فتاویٰ رضویہ جلد23 ص623،624دیکھئے) علمِ دین حاصل کرنے اور اس پر عمل کا جذبہ پانے کے لئے عاشقانِ رسول کی مدنی تحریک دعوتِ اسلامی کے مدنی ماحول سے وابستہ ہوجانا مفید ترین ہے ۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
٭…مُدیر (Chief Editor)ماہنامہ فیضان مدینہ ،باب المدینہ کراچی